۲۹ اسفند ۱۴۰۲ |۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 19, 2024
75واں یوم آزادی پاکستان

حوزہ / پاکستان کا پچھترواں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا پچھترواں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں قومی پرچم، تحریک پاکستان کے بانیوں کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر ذرائع ابلاغ کی جانب سے دن کی مناسبت سے مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے، یوم آزادی کے موقع پراخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔ فوجی جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے، مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔

مصور پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز تبدیلی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے نئے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزار پر بھی گارڈز تبدیل ہوئے اور پاک بحریہ کے کیڈٹس نے ذمہ داری سنبھالی۔

اسلام آباد میں جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی۔ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزرا، ارکان سینیٹ و قومی اسمبلی اور اعلیٰ عسکری بھی قیادت شریک ہوئی۔

شہر لاہور کے ایوب اسٹیڈیم میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی۔

قابل ذکر ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نتیجے میں 1947ء میں اس روز پاکستان برطانیہ سے آزاد ہو کر معرض وجود میں آیا تھا۔ 14 اگست کا دن پاکستان میں سرکاری سطح پر بڑے دھوم دھام سے منایا جاتا ہے، پاکستانی عوام اس روز اپنا قومی پرچم فضا میں بلند کرتے ہوئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سیمت اپنے قومی محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

یوم آزادی منانے کا مقصد آزادی کے حصول کیلئے کی جانے والی جدوجہد اور پاکستان کے قومی ہیروز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تجدید عہد بھی کرنا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچائیں کےلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .