۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
انور حسین نجفی

حوزہ / مدیر جامعہ الکوثر اسلام آباد پاکستان حجت الاسلام و المسلمین شیخ انور حسین نجفی نے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پیغام ارسال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر جامعہ الکوثر اسلام آباد پاکستان حجت الاسلام و المسلمین شیخ انور حسین نجفی نے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پیغام ارسال کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے، تمام ضروری اشیاء کو دنیا کے گوشہ و کنار تک پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔

 پیغام کا تفصیلی متن مندرجہ ذیل ہے :

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

مکتب اہل بیت علیہم السلام کا درہ امتیاز یہ ہے کہ یہاں کبھی بھی جمود طاری نہیں ہوا، اس مکتب میں ہمیشہ باب اجتہاد، باب علم کھلا رہتا ہے، اسی لئے طویل ترین تاریخ میں مکتب تشیع کے پاس ایسے فقہاء، مجتہدین، مفسرین اور متکلمین وجود میں آئے جنکی نظیر اور مثال باقی کسی بھی مذہب میں نہ ملتی ہے اور نہ ملے گی ۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ مذہب اہل بیت علیہم السلام میں احادیث کا ایک غنی اور بہت بڑا سرمایہ ہے، جو کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ و سلم اور آئمہ اطہار صلوات اللہ علیہم اجمعین کا علم اور سلسلة الذهب کے ذریعے محفوظ ہوا اور آج احادیث کا یہ سلسلہ فقہاء کے ہاتھوں میں ہے، فقہاء ان علوم اور قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کرنے کے ساتھ استنباط اور استخراج کرتے ہیں ۔

یہ عمل دنیائے تشیع میں جہاں ہوتا ہے، ان علمی مراکز کو حوزہ علمیہ کہا جاتا ہے ۔

حوزہ علمیہ (دینی مدارس) کی تاریخ نجف اشرف، باب العلم سے شروع ہوتی ہے، اس سلسلے میں حوزہ نجف اشرف کا شمار عظیم ترین حوزہ علمیہ میں ہوتا ہے، اس کے بعد جس حوزہ علمیہ کا مرتبہ اور مقام آتا ہے وہ ہے حوزہ علمیہ قم، ان حوزوں (مدارس ) میں فقہاء اور مجتہدین مل کر بیٹھتے ہیں اور تحقیق و تفسیر کے ذریعے جدید ترین واقعات اور حوادث کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کا حل تلاش کرتے ہیں ۔

حوزہ علمیہ میں موجود فقہاء، مجتہدین اور محققین شب و روز قرآن و سنت کے علوم میں غوطہ ور ہو کر اپنی رائے کے بجائے قرآن و سنت کی روشنی میں رائے پیش کرتے ہیں ۔
پچھلے زمانوں میں یہ فتوے،رائے تحقیق اور تفسیر انہی علمی مراکز تک محدود رہتے تھے اور آج کل کے اس ترقی یافتہ دور میں یہ علوم ، فتوے،رائے اور مختلف آیتوں اور احادیث کی تفسیر و تشریح بہت ہی قلیل مدت میں دنیا کے کونے کونے تک پہنچ جاتیں ہیں اور بہت جلد پہنچانا اور پہنچنا ہوتا ہے ۔

الحمدللہ! اس دور میں حوزہ علمیہ قم نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے، ان تمام چیزوں کو جو کہ عام لوگوں کی زندگیوں کی ضرورت کی چیزیں ہیں، اسے دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ حوزہ علمیہ نے اس سلسلے میں اپنی اُردو ویب سائٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جو کہ بہت ہی موثر ثابت ہو سکتی ہے، ہم اس سائٹ سے باقاعدہ طور پر آنلائن ہو سکتے ہیں، ایک عام آدمی اپنی عام زندگی، عام مشکلات اور مسائل کا حل تلاش کرنے حوزہ علمیہ سے براہ راست سوال کر سکتا ہے۔

آخر میں، ہماری دعا ہے کہ ان تمام لوگوں کیلئے جو اس ویب سائٹ کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں خدا انہیں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار فرما دے اور ہم سب کو امام زمان عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کے ساتھیوں میں سے قرار دے۔ 

والسلام 
انور حسین نجفی 
جامعہ الکوثر اسلام آباد

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .