۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
مولانا مقبول حسین

حوزہ /سربراہ مرکز فکر اسلامی انگلینڈ حجت الاسلام و المسلمین مولانا مقبول حسین نے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پیغام ارسال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مرکز فکر اسلامی انگلینڈ حجت الاسلام و المسلمین مولانا مقبول حسین نے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پیغام ارسال کرتے ہوئے حوزہ نیوز کو فقہاء اور میدان عمل میں موجود افراد کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا ایک بہترین ذریعہ قرار دیا ہے ۔

پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے :

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الحمدللہ رب العالمین وبہ نستعین انہ خیر ناصر و معین

نہایت ہی پر مسرت خبر ہے کہ حوزہ نیوز اپنا اردو کا سلسلہ شروع کر رہا ہے ، اس دور میں ذرائع ابلاغ اور اس کی اہمیت کسی پر مخفی نہیں ہے ۔
البتہ یہ ذرائع ابلاغ جس دور میں بھی میسر ہوتا ہے ،اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی اسلام نے بڑی تاکید کی ہے ۔
اگر ہم تاریخ اسلام کا مطالعہ کریں یہ ایام بھی ہفتہ ولایت کے ہیں ، غدیر کی مناسبت سے خدا کا مشہور فرمان ہے کہ "یا ایھا الرسول بلغ ما انزل الیک... "جدید ترین اصطلاحات میں اسے ہم میڈیا یا خبر رساں ایجنسی سے تشبیہ دے سکتے ہیں ، طریقے ہر دور میں الگ الگ رہے ہیں ،غدیر خم میں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ و سلم نے "من کنت مولاہ فھذا علی مولاہ " فرما کر بعد میں فرمایا کہ اس خبر کو حاضرین ، غائبین تک پہنچا دیں ، یوں کہہ سکتے ہیں کہ غدیر خود ہمیں تبلیغ اور میڈیا کی اہمیت بتلا رہا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی اہمیت :

میں ذاتی طور پر تقریباً 25سال سے یہاں برطانیہ میں ہوں ، جب سے حوزہ نیوز کا سلسلہ شروع ہوا ہے ، میری پسندیدہ سائٹس میں اس سائٹ کا شمار رہا ہے اور میں سب سے زیادہ اسی سائٹ کا وزٹ کرتا ہوں ۔

اس کی چند وجوہات ہیں :

پہلی وجہ : ہم حوزہ نیوز ایجنسی کے ذریعے ، فقہاء اور مجتہدین کے علمی ، سیاسی ، انقلابی اور اخلاقی بیانات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔

دوسری وجہ : اس سائٹ سے ہمارے سینئر برادران کی محنتوں سے متعلق آگاہی ہوتی ہے ، حوزہ نیوز کے ذریعے برادران کے کام کو دیکھا جاتا ہے اور اسے نوجوانوں کے دلوں میں تشویق پیدا ہوتی ہے ۔

تیسری وجہ : یہ سائٹ حوزہ علمیہ میں موجود بزرگوں اور میدان عمل میں مصروف افراد کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے ۔

الحمد للہ اُردو زبان برصغیر میں سب سے زیادہ بولی اور پڑھی جانے والی زبان ہے ، اس اعتبار سے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ سے بہت سے لوگ فائدہ اٹھائیں گے ۔
یقیناً آپ حضرات ہیں اور اسی توجہ کی وجہ سے حوزہ نیوز نے اُردو کے سلسلے کو شروع کیا ہے ، ان شا ء اللہ یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا اور کامیاب رہے گا اور حوزہ نیوز کے ذریعے علمی خبریں دنیا کے کونے کونے تک پہنچ جائیں گی ۔
یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ جناب حوزہ نیوز کی فارسی زبان ، عربی زبان میں جب ویب سائٹس تھیں تو اُردو ویب سائٹ کے اجراء کی کیا ضرورت تھی ؟؟؟
تو میں کہوں گا کہ ہماری نوجوان نسل اور عام فہم لوگ فارسی زبان کی سائٹ سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے ہیں ، جو وہ اُردو ویب سائٹ سے اٹھا سکتے ہیں ۔
حوزہ نیوز کی طرف سے اُردو کا یہ سلسلہ ، اُردو دیندار طبقے کیلئے بہت اچھا پروگرام ثابت ہو گا ۔
ہم حوزہ نیوز کے ممبران اور اس راہ میں کوشش کرنے والے افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، اللہ تعالٰی آپ کی زحمتوں اور کوششوں کو اپنی درگاہ میں قبول فرمائے ۔

والسلام 

مقبول حسین 

سربراہ مرکز فکر اسلامی انگلینڈ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .