حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ امت واحدہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین شیخ محمد امین شہیدی نے حوزہ نیوز کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں دنیا کو انقلاب اسلامی سے مانوس کرانے کی ضرورت ہے۔
بیان کا متن ملاحظہ فرمائیں:
بسم الله الرحمن الرحیم
الحمدلله رب العالمین والصلاۃ والسلام علی رسول الله وعلی آئمة المعصومين علیہم السلام
حوزہ علمیہ قم کی طرف سے جس ویب سائٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے اس کی افادیت اس اعتبار سے بھی بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ حوزہ کے نام سے منسوب ویب سائٹ فارسی اور عربی کے ساتھ ساتھ اُردو میں بھی اپنے فرائض سرانجام دینے کیلئے قدم اٹھانے جا رہی ہے چونکہ اُردو زبان دنیا کی بڑیزبانوں میں سے ایک زبان ہے اور کم از کم ایک ارب لوگ اس زبان میں گفتگو کرتے ہیں یہ زبان صرف ہندوستان اور پاکستان تک محدود نہیں ہے بلکہ عرب ممالک یورپ کے اندر افغانستان کے اندر امریکہ کے اندر اس زبان میں اپنا موقف دوسروں تک پہنچانے والے لوگ موجود ہیں تو اس اعتبار سے اس زبان میں ایک ویب سائٹ کا اجراء وہ بھی حوزوی ویب سائٹ کا اجراء اور دینی مدارس کی خبروں کو دوسروں تک پہنچانے کیلئے اس عظیم ذمہ داری کو اپنے کندھوں پر اٹھانا آج کی ایک ضرورت ہے ۔
اس ضرورت کو اگر حوزہ کی ویب سائٹ اور خبر رساں ادارہ پورا کرے اور اس ذمہ داری کو نبھائے تو یقیناً معاشرے کو حوزہ علمیہ سے جوڑنے کے حوالے سے اور حوزوی افکار کو معاشرے میں فروغ کے حوالے سے اور ساتھ ساتھ دینی قوتوں کی فکر و سوچ اور موقف کو معاشرے تک پہنچانے کے حوالے سے ایک بڑا اچھا اور بنیادی کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔
اس ویب سائٹ کو صرف حوزہ علمیہ تک محدود نہیں ہونا چاہیے دنیا میں جہاں جہاں دینی مدارس ہیں جہاں جہاں علمائے کرام موجود ہیں اور جہاں جہاں دینی قوتیں دینی لباس میں ملبوس مختلف سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں ان سب کو اس نیٹ ورک سے ملحق ہونا چاہیے اور اس کے نتیجے میں دین کی ایک ہی آواز مختلف گوشوں سے اٹھے گی اور دنیا کو اس مرکزیت کی طرف بلائے گی جس کا نام ہے انقلاب اسلامی ۔
خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ حوزہ نیوز ایجنسی کی ٹیم کو اس سلسلے میں کامیابی عطا فرمائے اور ہمیں انقلاب اسلامی کے پیغام کو سمجھنے اور سمجھانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
والسلام
محمد امین شہیدی
سربراہ امت واحدہ پاکستان