حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ نیوز ایجنسی کی اردو ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کی مناسبت سے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے پیغام جاری کرتے ہوئے حوزہ نیوز ایجنسی کی سرگرمیوں کی قدر دانی کی ہے ۔
پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
آج کی جدید دنیا میں میڈیا ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، میں سمجھتا ہوں جن اقوام اور معاشروں میں میڈیا زیادہ مضبوط اور متحرک ہے وہ معاشرے بہت آگے بڑھ رہے ہیں ۔
میں حوزہ نیوز ایجنسی کو کافی عرصے سے دیکھ رہا ہوں یقیناً ان کی خدمات قابل تحسین ہیں، دنیا کے مسلمان حوزہ نیوز سے استفادہ کر رہے ہیں ،امت مسلمہ کے جدید ترین حالات، خبریں اور ان پر اپنا موقف پیش کرنا، عالم اسلام کی خبروں کو کوریج کرنا اور عالم اسلام کی خبروں کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا حوزہ نیوز ایجنسی کا بہت بڑا کارنامہ ہے ۔
یہ سلسلہ دنیا میں ایک خوبصورت اضافہ تھا کہ علمی حلقوں میں اس کو زبردست خراج تحسین پیش کی گئی ۔
اب ایک انتہائی شاندار اور احسن قدم اٹھایا گیا ہے کہ حوزہ علمیہ نے حوزہ نیوز ایجنسی کی اردو ویب سائٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ، اُردو دنیا کے بہت سارے علاقوں میں بولی جانے والی زبان ہے ، میں سمجھتا ہوں ان علاقوں کے مسائل اور خبروں کو کوریج کرنے کیلئے یہ نیوز ایجنسی بہت بڑا کردار ادا کرے گی ۔
میں اس سلسلے میں حوزہ نیوز ایجنسی کے ممبران کی خدمت میں تبریک پیش کرتا ہوں اور میں یہاں پر خوش آمدید بھی کہتا ہوں کہ اُردو زبان میں شروع کیا ہے ، یہ ایک بہت اچھا قدم ہے ۔
ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ مزید بہتری کی جانب گامزن رہے گا ، بہترین کام ہو گا اور خطے بھر کے مسائل کو سنجیدگی سے اٹھائے جائیں گے ۔
والسلام
عارف حسین واحدی
سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان