حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حوزہ علمیہ نجف اشرف عراق کے علماء و طلاب کی طرف سے کل بروز منگل شھداءِ پشاور پاکستان کےلئے فاتحہ خوانی اور مجلس ترحیم کا عالی شان انتظام کیا گیا تھا۔جس میں حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ اور فقہاء تشیع نے شرکت کی ۔
اس موقع پر مولانا محمد تقی ہاشمی، متعلم حوزہ علمیہ نجف اشرف نے یہ بتایا کہ اس معنوی و روحانی اجتماع میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید سیستانی کے دونوں فرزند جناب سید باقر سیستانی و سید رضا سیستانی صاحبان بھی شریک ہوئے اور شھداء کے ایصال ثواب کےلئے تلاوت قرآن بھی کیا انکے ساتھ نوہ پسر آیت اللہ سیستانی بھی شریک تھے۔
منعقدہ مجلس مجلس میں آیت اللہ العظمی شیخ بشیر حسین نجفی کے فرزند حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ علی نجفی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اس کے علاوہ شیخ سند و شیخ باقر ایروانی و سید جعفر الحکیم و سید تقی الحکیم اور دیگر علماء و فقہاء اور دروسِ خارج کے اساتذہ کی بڑی تعداد کے ساتھ عراقیوں کی بھی اکثریت موجود تھی۔
مولانا محمد تقی ہاشمی نے بتایا کہ آیت اللہ العظمی سیستانی کے دفتر کی جانب سے پاکستان کے شہر پشاور میں نماز جمعہ کے موقع پر جامع مسجد رسالدار میں ہونے والے خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بھیانک جرم کی مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بے گھر لوگوں بالخصوص مذہبی اقلیتوں کو دہشت گرد گروہوں کے ظلم اور جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور اقدامات انجام دے۔آج حوزہ علمیہ نجف اشرف میں اساتذہ کی جانب سے شہداء کی ایصال ثواب کے لئے مجلس و فاتحہ خوانی کا یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔ جو دنیا کے کونے کونے سے مؤمنین کے دلوں کو ایک دوسرے کے قریب کرتی ہے اور ان میں ایمانی رشتے کو مزید مضبوط سے مضبوط تر بناتی ہے۔
مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام داعش جیسی تنظیم کو ایک واضح پیغام دے رہا ہے کہ عراق اور پاکستان کے شیعہ مؤمنین کے دل آج بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔