حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس مظفرآباد پاکستان میں ایک عظیم الشان سیمینار بعنوان "امام مہدی منجی بشریت“ منعقد ہوا، جس میں پاکستان بھر سے منتظرین امام زمانہ علیہ السلام نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، سیمینار کے مہمان خصوصی سی او ایمز سکول و کالج اسلام آباد امتیاز رضوی تھے۔ سیمینار سے فاطمیہ ایجوکیشنل کمپلیکس کی پرنسپل سیدہ فضہ مختار نقوی سمیت دیگر مہمانوں نے خطاب کیا۔
امتیاز رضوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منجی عالم بشریت امام مہدی علیہ السلام پر عقیدہ امت مسلمہ کا متفقہ اور مسلمہ عقیدہ ہے۔ قران مجید اور احادیث مبارکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارہویں جانشین، نائب اور خلیفہ کے طور پر امام مہدی علیہ السلام کا ذکر بھی ملتا ہے وہ عظیم شخصیت جو دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دیں گی اور دنیا سے ظلم اور بربریت کا خاتمہ کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ تیزی کے ساتھ بدلتے عالمی حالات ایک عظیم واقعہ کی خوشخبری دے رہے ہیں اہل حق منتظرین امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجه الشريف وقت کے فرعون کی تمام تر کوششوں اور رکاوٹوں کے باوجود عالمی قوت بن چکے ہیں۔ یہ عالمی انقلابی تحریک عالمی استکباری قوتوں کے خلاف خوف کی علامت بن چکی ہے۔ اہل حق ظہور امام مہدی علیہ السلام کیلئے زمینہ سازی کر رہے ہیں۔
سیمینار سے ممتاز حسینی نے حطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عظمتوں اور برکتوں والے دور سے گزر رہے ہیں جس میں امام مہدی علیہ السلام کا ظہور قریب ہے اور ہم منتظرین امام زمانہ عجل الله تعالیٰ فرجه الشريف ہیں اور ہمیں اپنی زمہ داریاں سمجھنے کی ضرورت ہے۔
مظفرآباد کشمیر میں منعقدہ اس عظیم الشان سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل فاطمیہ کالج سیدہ فضہ مختار نقوی نے کہا کہ معرفتِ امام مہدی علیہ السلام اس دور کے سب سے اہم موضوعات میں سے ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے اور زمانہ جن مشکلات کا شکار ہے اس کا واحد حل ظہور امام زمانہ عجل الله تعالیٰ فرجه الشریف ہے۔