حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے صوبۂ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی بحالی اور عرصہ دراز سے جاری کشیدگی اور پارا چنار کے محاصرے کو ختم کروانے کے سلسلے میں علاقے کے گرینڈ جرگے میں امن معاہدہ طے پا جانے پر گرینڈ جرگہ میں بیٹھے فریقین کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ طے پانے والے معاہدے پر فریقین عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور صوبائی حکومت اس معاہدے کی بنیاد پر علاقے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی اور علاقے میں مذہبی و مسلکی تعصبات، کشیدگی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے فروغ، امن و امان کو نقصان پہنچانے، علاقے کے مکینوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے شرپسند عناصر کی سختی سے سرکوبی کرے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں جملہ تنظیمات ملت جعفریہ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے کرم میں امن و امان کی بحالی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں مجلسِ وحدت المسلمین کی کال پر دیئے گئے پُرامن دھرنوں کو کامیاب کیا۔
سید زوار حسین نقوی نے اپنے بیان میں ملک بھر کے جید اور سنجیدہ اہل سنت علمائے کرام اور اہل سنت تنظیموں، سنجیدہ سیاسی شخصیات، صحافی حضرات، میڈیا ہاوسز اور سیکیورٹی سے متعلق ملکی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس انتہائی سنگین اور کشیدہ صورتحال میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور امن کی بحالی میں اپنے حصہ کا کردار احسن طریقے سے ادا کیا۔
انہوں نے بالخصوص ضلع مظفرآباد کی سول سوسائٹی، سیاسی و مذہبی شخصیات، صحافی حضرات، تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے مظلوموں کے حق میں جاری مظفرآباد کے مرکزی دھرنے میں شرکت کی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کی۔
جعفریہ سپریم کونسل جموں وکشمیر پاکستان کے چیئرمین نے اپنے اس بیان ضلع مظفرآباد کے دھرنے میں کسی قسم کا خلل نہ ڈالنے پر حکومت آزاد کشمیر، ضلع مظفرآباد کی انتظامیہ، پولیس سمیت متعلقہ سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ان کے وقار میں ملت جعفریہ کے اندر اضافہ ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ