جمعہ 11 جولائی 2025 - 12:15
شام کے شہر حمص میں شیعہ عالم دین شیخ رسول شہود کے قتل کے خلاف عوامی احتجاج

حوزہ/ شام کے شہر حمص میں معروف شیعہ عالم دین شیخ رسول شہود کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عوام نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اس بزدلانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی فوری گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اطلاع دی ہے کہ حمص کے نواحی علاقے المزرعہ میں عوام نے معروف شیعہ عالم دین شیخ رسول شہود کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب عوام میں اس بزدلانہ حملے اور سیکیورٹی اداروں کی خاموشی کے خلاف غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، شہید شیخ رسول شہود واپسی کے دوران علاقے الوعر کے باغات سے آ رہے تھے جب انہیں براہِ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

شیخ شہود، پیروانِ اہل بیت علیہم السلام کے ممتاز مذہبی رہنما اور دینی مناسبتوں کے احیاء میں فعال کردار ادا کرنے والی معروف شخصیت تھے۔ ان کی شہادت نے مقامی آبادی میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس واقعے کو ایک عام مجرمانہ واقعہ ظاہر کرنے کی کوششوں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

حمص کے مغربی علاقوں میں عوامی اضطراب میں اضافہ ہوا ہے اور لوگ سیکیورٹی اداروں پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس قتل کے پسِ پردہ فرقہ وارانہ محرکات کارفرما ہیں جنہیں جان بوجھ کر چھپایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شام میں 2025 کے آغاز سے اب تک انتقامی کارروائیوں اور فرقہ وارانہ تصفیوں کے نتیجے میں 832 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان میں 788 مرد، 29 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں۔

عوامی حلقوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں مذہبی اقلیتوں پر ہونے والے حملوں کی روک تھام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha