۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
یکجہتی کشمیر سمینار

حوزہ/ ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سمینار کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر سمینار کمیٹی روم ہاسٹل قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے صدر عبدالرشید ترابی نے کی جب کہ اجلاس کے مہمان خصوصی لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور علامہ ثاقب اکبر نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و عمائدین کے علاوہ ملی یکجہتی کونسل کی ممبر تنظیمات کے ذمہ داران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وفد کے ہمراہ شرکت کی جبکہ جعفریہ سپریم کونسل آزاد کشمیر کا وفد علامہ سید فرید عباس نقوی کی سربراہی میں شریک ہوا۔ اسی طرح شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر کا وفد سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر حافظ علامہ سید کفایت حسین نقوی کی زیر قیادت پروگرام میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم کشمیر کاز پہ اکٹھے ہیں، کشمیر کے مسئلے پر حکومت ہندوستان نے جس طرح کشمیر کی ڈیموگرافی چینج کرنے کی کوشش کی ہے جس طرح وہاں پر کرفیو اور لاک ڈاؤن کا سلسلہ ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہم کشمیریوں نے انڈیا کے اس کالے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھا ہے، جس کے ذریعے حکومت ہندوستان نے کشمیر کی آئینی حیثیت میں تغیر و تبدل کیا اور کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے جو خطے میں مسلم اکثریتی آبادی کا توازن بگاڑنے کی سازش ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفریہ سپریم کونسل کے سینئر وائس چیئرمین علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا کہ اگر امت مسلمہ فلسطین کے مسئلے پر یکجا ہوئی ہوتی تو آج کشمیری مسلمانوں کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ او آئی سی کا ادارہ مسلم قوم کی مشکلات   اور دردوں کے مداوے کے لیے بنا تھا وہ کہاں ہے او آئی سی کا ادارہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قضیہ کے حل کا حق  گلگت بلتستان کے عوام کو دیا جائے وہی اس پر بات کرنے کا حق رکھتے ہیں ہمارا موقف یہ ھے کے جی بی کی عوام کو آئینی حقوق دیے جائیں۔

کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے حافظ سید کفایت حسین نقوی، سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر مولانا معصوم علی سبزواری ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل مظفر آباد ڈویژن، سید طالب حسین ہمدانی ڈویژنل  وائس چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل مظفرآباد ڈویژن، سید عارف حسین نقوی ایڈووکیٹ انچارج سیاسی امور شیعہ علما کونسل، سید عامر علی نقوی سیکرٹری روابط مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے علاوہ جمعیت علماء پاکستان آزاد کشمیر، جماعت اسلامی، جمیعت اہل حدیث، جمیعت علمائے اسلام، جموں کشمیر تحریک جوانان پاکستان، ھدیۃ الھادی، شاہ ہمدان ویلفیئر ٹرسٹ، تنظیم مساجد آزاد کشمیر اور دیگر مذہبی و سیاسی ملی جماعتوں کے عمائدین شامل ہوئے۔

کانفرنس کے اختتام پر ایک قرارداد بھی پاس کی گئی۔ کانفرنس کے اختتام پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر جناب سردار مسعود خان کی طرف سے ملی یکجہتی کونسل کے قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء و ذمہ داران شریک ہوئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .