حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کراچی/ معروف خطیب و عالم علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے دعا زہراء اور ان کے والدین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ دعا زہراء پاکستان کی بیٹی اور شہری ہے اس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کے ہر پاکستانی دعا زہراء کا مسلک ، مکتب ، مذہب اور فقہ دیکھے بغیر پاکستان کی بیٹی ہونے کے عنوان سے اپنا مثبت کردار ادا کرے، بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں لہذا اسے مسئلے کو مسلک و مکتب سے بالاتر ہوکر دیکھا جائے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں کسی سازش کے تحت اس مسئلے کو سجایا جارہا ہے اور کسی بے حیائی کی تحریک کو رواج دینے کی کوشش کی جارہی ہے تو پاکستان کے غیرت مند عوام کبھی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے پاکستان کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی و فقہی قوانین کے مطابق یہ شادی جائز نہیں لہٰذا اسلامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے یہ مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو پھر پاکستان کے باغیرت عوام بلاتفریق اپنی بیٹیوں کی آزادی اور تحفظ کے انتظام کے لئے آئین و قانون کے وضع کردہ دائرے میں اپنے جائز و قانونی حقوق حاصل کرنے کے لئے احتجاج کے عمل میں اتریں گے اور پھر دعا زہراء کے نام پر پاکستان کی ہر بیٹی کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔