حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے وفد کے ہمراہ ملتان کا دورہ کیا؛ جہاں انہوں نے جنوبی پنجاب کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقے جلالپور پیروالہ، شجاع آباد، شیر شاہ پل، علی پور اور سیت پور کے متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان میں کھانا، صاف پانی، راشن، ادویات اور خیمے بھی تقسیم کیے۔
انہوں نے ملتان، علی پور اور سیت پور میں المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے لگائی گئیں خیمہ بستیوں سید المرسلینؐ کا دورہ بھی کیا، وہاں موجود متاثرہ اہل وطن کی داد رسی کی اور ان کی مشکلات کے حل کیلیے خصوصی دعا کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
علامہ سید اقبال رضوی نے شدید مشکلات کے پیشِ نظر کارکنان کو متاثرہ ہم وطنوں سے انسانی ہمدردی کے تحت تعاون تیز تر کرنے کی تاکید کی۔
اس دورے کے دوران المجلس ویلفیئر آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی کی تحصیل علی پور میں میٹنگ بھی ہوئی، جس میں وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔
اجلاس میں سید زعیم امداد زیدی، سید رضوان کاظمی، تصور عباس بلوچ، سید شاکر کاظمی، سید عقیل اور عدیل کاظمی سمیت دیگر کارکنان شریک تھے۔
سید رضوان کاظمی نے علاقے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی اور سیلاب میں ہونے والے شدید نقصانات کے بارے آگاہ کیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین نے علی پور میں HDMC کے سنٹر کا دورہ بھی کیا، سید فضل عباس نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ و منظم کاوشوں پر بھی زور دیا۔









آپ کا تبصرہ