حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن جامعہ اُردو گلشن کیمپس کے زیرِ اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی جامعہ اُردو گلشن کیمپس میں سالانہ یومِ مصطفیٰ (ص) کا پروگرام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا مقصد طلبہ میں سیرتِ نبی اکرم، اخلاقِ محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور شعورِ اسلامی کو اجاگر کرنا تھا۔
سالانہ یومِ مصطفیٰؐ کے پروگرام میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی، مولانا سید علی عباس رضوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پروگرام میں مختلف شعرائے کرام نے نہایت خوبصورت انداز میں نعت و منقبت پیش کی، جبکہ طلبہ و طالبات نے بھی محبتِ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے جذبے سے سرشار ہو کر نعت رسولِ مقبول اور منقبت پیش کی۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی علامہ امین شہیدی نے عالمی حالات خصوصاً فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حالتِ زار پر روشنی ڈالی۔
علامہ امین شہیدی نے طلبہ کو پیغام دیا کہ موجودہ حالات میں نوجوان صرف تعلیم تک محدود نہ رہیں، بلکہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کو سمجھیں، حق کی حمایت اور باطل کے خلاف آواز بلند کرنا اپنا فریضہ سمجھیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی سیرت ہمیں صرف عبادات نہیں، بلکہ عدل، انصاف، اتحاد، جرأت اور فکری بیداری کا درس بھی دیتی ہے۔
علامہ امین شہیدی نے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ اپنی زندگیوں میں سیرتِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کو عملی طور پر نافذ کریں۔
مولانا سید علی عباس رضوی نے رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی حیاتِ طیبہ، ان کی تعلیمات اور عصرِ حاضر میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر نہایت بصیرت افروز خطاب کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطین میں جاری مظالم اور پاکستان کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔

سالانہ یومِ مصطفیٰؐ کے موقع پر آئی ایس او کراچی ریجن کے صدر عون علی، آئی ایس او کراچی ڈسٹرکٹ پروفیشنل کے صدر مہدی علی، ڈاکٹر الیاس خاکی، اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر جہانگیر رضا، شعبہ ارضیاتی علوم کی پروفیسر ڈاکٹر شاہین عباس، ڈاکٹر صابہ زہرا، چیئرپرسن شعبہ کامرس، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر اختر رضا، آئی ایس او کراچی یونیورسٹی یونٹ، آئی ایس او عبدالحق یونٹ، پختون اسٹوڈنٹس، اے پی ایم ایس او اور اسلامی جمعیت طلبہ کے وفود سمیت، اساتذہ کرام، غیر تدریسی اسٹاف، طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ