حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پنجاب پاکستان کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی نے سید فتح محمد رضوی کو جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے ایس او ولایت فقیہ پر یقین رکھنے اور نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں کام کرنے والی واحد طلبہ تنظیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے ایس او نے بہت کم عرصے میں قائدین ملت جعفریہ علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین، شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور علامہ سید ساجد علی نقوی کے مشن کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ قراقرم یونیورسٹی گلگت بلتستان کے طالب علم سید فتح محمد رضوی کا تعلق شہید علامہ ضیاء الدین رضوی کے خاندان سے ہے۔ اس خاندان نے ملک و ملت اور دین اسلام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور مشکل وقت میں قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ملت اسلامیہ ملی وقار اور تحفظ کے لیے سید ضیاء الدین رضوی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
قاسم علی قاسمی نے مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں تعلیماتِ قرآن اور سیرتِ اہل بیت اطہار علیہم السلام کے مطابق طلبہ کی تنظیمی اور نظریاتی تربیت کرنے والی طلبہ تنظیم جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ امید کرتے ہیں کہ عزیز محترم سید فتح محمد رضوی قائد ملت جعفریہ نمائندہ ولی فقیہ کے افکار و نظریات کے مطابق جے ایس او کے کارکنوں کی رہنمائی کریں گے، ان کی قیادت میں جے ایس او ملت جعفریہ کا ہر اول دستہ ثابت ہوگی۔









آپ کا تبصرہ