حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے سکھر سندھ میں منعقدہ ملک گیر طلباء تنظیم جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سولہویں سالانہ کنونشن کے اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو بیک وقت مختلف اور ہمہ جہت سرگرمیوں کا حصّہ بننا چاہیے، جہاں ان کی نظر تعلیم و تربیت کے اولین میدان پر ہو وہیں عالمی و ملکی حالات، سیاسی و ثقافتی معاملات اور کھیل کے میدان کی طرف میلان اور عملی توجہ ہونی چاہیے؛ اسی ہمہ جہتی کو جے ایس او کے منشور و دستور کا حصہ ہونا چاہیے، تاکہ جہاں دیگر طلباء تنظیموں میں جے ایس او کا منفرد تعارف رہے وہاں جے ایس او کی توسیع و ترقی میں بھی سرعت آئے۔

سید اظہار بخاری نے مزید کہا کہ جے ایس او اپنے میر کارواں کے انتخاب کے لیے بھی دستور، اصول، صلاحیت اور کارکردگی کو مدنظر رکھے اور ہر قسم کی جانب داریوں، دوستیوں، علاقائیت، لسانیت یا گروہ بندی کو مسترد کرے۔ الحمدللہ دستوری طریقہ کار اور قومی جماعت کے ذمہ داران کی زیر نگرانی شفافیت کے ساتھ انتخابات کے ذریعے ہمارے پیارے چھوٹے بھائی، نظریاتی ساتھی، خانوادہ شہید ضیاء الدین سے وابستہ اور سرگرم و فعال نوجوان سید فتح رضوی نے فاتحانہ انداز میں فتح مندانہ فتح حاصل کی۔ اس فتح پر ہم فتح کو قلبی مفتوح کی حیثیت سے تبریک پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے آپ کو ایک جذباتی، جلد باز یا لا ابالی نوجوان کی بجائے ایک ذمہ دار، سنجیدہ، قابلِ قبول، باصلاحیت، با بصیرت اور طلباء کو جوڑنے اور متحد کرکے رکھنے والا لیڈر ثابت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سابق صدر برادر محمد اکبر کی خدمات کا اعتراف نہ کرنا بھی ناانصافی ہوگی جنہوں نے بہت زیادہ محنت کے ساتھ جے ایس او میں کافی جدت پیدا کی اور جے ایس او کی توسیع کے لیے نئے علاقوں میں داغ بیل ڈالی۔ مجلسِ عاملہ و عمومی کے تمام اجلاس بروقت کروائیں، جبکہ حالیہ کامیاب الیکشن بھی ان کے کریڈٹ میں جاتا ہے۔ امید ہے وہ نئے آنے والے صدر سے مستقبل میں مثالی تعاون کریں گے اور نئے صدر بھی اپنے سینئرز کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ فتح سید سے بھی ہماری بجا توقع ہے کہ وہ اپنے فتح پر خوش ہونے کے ساتھ جلد ہی اپنی تنظیمی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے اور بہترین و متحرک کابینہ کا اعلان کرکے اپنی فتح کو طلباء کا بہترین فیصلہ ثابت کریں گے۔









آپ کا تبصرہ