حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نواب شاہ یونٹ کی میزبانی میں یومِ حسینؑ کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی نائب صدر شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ علامہ کفایت حسین کریمی، مولانا سید نثار حسین شاہ، ڈویژنل اطلاعات سیکرٹری جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نواب شاہ ڈویژن زوار آصف حسین الحسینی، یونٹ صدر SABU یونیورسٹی برادر مشکور رند، عمران چانڈیو اور کفایت حسین نے خصوصی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام صرف مسلمانوں کے ہی نہیں، بلکہ عالمِ انسانیت کے امام ہیں۔ اُن کی قربانی نے حق و باطل کے درمیان فرق واضح کیا۔ ہم ملکِ پاکستان میں امام حسینؑ کے پیغامِ امن، اتحاد اور وحدت کو عام کرنے کے لیے نکلے ہیں، تاکہ تمام مکاتبِ فکر میں بھائی چارہ، محبت اور یگانگت فروغ پائے۔
یومِ حسین علیہ السّلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علم کے میدان میں آپ کا حق ہے کہ آپ بہترین علم حاصل کریں، کیونکہ آپ باب العلم حضرت علی علیہ السلام اور علم کے سمندر امام جعفر صادق علیہ السلام کے ماننے والے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیم کے ہر شعبے میں اپنی قابلیت اور کردار کو اس نہج پر استوار کریں جو اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کا آئینہ دار ہو، یہ پیغام طلباء کو علم و شعور کے ذریعے معاشرے کی خدمت اور حق و صداقت کا علمبردار بننے کی ترغیب دیتا ہے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہمیشہ ظالم کے خلاف اور مظلوم کے حامی رہے ہیں، یہی درس ہمیں کربلا سے ملا ہے۔ امام حسینؑ نے ظلم کے سامنے سر نہ جھکا کر انسانیت کو سربلندی کا راستہ دکھایا۔ آج بھی ہم اسی حسینی کردار کو زندہ رکھتے ہوئے ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ