بدھ 20 اگست 2025 - 20:44
پارا چنار کے ہزاروں مسافروں کے پاسپورٹ بلاک کا معاملہ؛ انجینئر حمید کی وفاقی وزیر سے ملاقات

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے پارہ چنار کے مسائل خاص طور پر ہزاروں مسافروں کے پاسپورٹ بلاک کے مسئلے پر ملاقات اور تبادلہ خیال کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر، رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین طوری نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ضلع کرم پارا چنار کے ہزاروں مسافروں کے پاسپورٹ بلاک ہونے کے سنگین مسئلے پر ملاقات اور اس مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے انجینئر حمید حسین طوری اس مسئلے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر خطاب کرتے ہوئے نہایت سنجیدگی سے اٹھا چکے ہیں، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے رولنگ دیتے ہوئے اس معاملے کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور کے سپرد کیا تھا۔

واضح رہے کہ پارہ چنار ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے ہزاروں محنت کش اور مسافر کئی ماہ سے پاسپورٹ بلاک ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر مختلف ایئرپورٹس سے انہیں روکا جاتا ہے، اپ لوڈ کیا جاتا ہے اور سینکڑوں افراد کو ڈیپورٹ کیا جا چکا ہے۔ اس ناانصافی کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے روزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہو گئے ہیں اور مشکلات کے باعث ان کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔

ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے وفاقی وزیر کو اس مسئلے کی سنگینی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف قانونی یا انتظامی معاملہ نہیں، بلکہ ہزاروں پاکستانی خاندانوں کے معاشی مستقبل اور بنیادی انسانی حقوق سے جڑا ہوا مسئلہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ ادارے فی الفور اس مسئلے کو حل کریں، تاکہ متاثرہ مسافروں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور جلد ہی کوئی عملی اور پائیدار راہ حل نکالا جائے گا۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان اس اہم عوامی مسئلے کو قومی و حکومتی سطح پر اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، تاکہ ضلع کرم کے عوام کو ان کے بنیادی شہری اور معاشی حقوق مل سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha