حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میرا شہر میرا نظریہ مہم، جو اورنگ آباد ہندوستان ایجوکیشن ایکسپو 2025 کی پری ایونٹ سرگرمیوں کا حصہ ہے اور مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام آرگنائز کی جا رہی ہے، کے تحت ہفتہ کے روز آرگنائزر عبد الباسط صدیقی اپنی ٹیم کے ہمراہ مکتبِ زینبیہ دینی مدرسہ پہنچے۔ اس موقع پر طالبات کے لیے معلوماتی اور تربیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں مشن کے مقاصد اور اس کی سماجی اہمیت تفصیل کے ساتھ بیان کی گئی۔

جناب عبد الباسط صدیقی نے سورۂ آلِ عمران آیت 110 کنتم خیر امۃ اخرجت للناس… کی روشنی میں مسلم معاشرے خصوصاً نئی نسل کی ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاشرتی اصلاح، باہمی خیر خواہی اور برائی کے خاتمے میں نوجوان نسل کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے شہر میں بڑھتے سماجی مسائل اور جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحِ معاشرہ کسی ایک ادارے کی نہیں، بلکہ پوری کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا شہر میرا نظریہ مہم کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو اخلاقی، سماجی اور فکری بنیادوں پر مضبوط بنانا ہے، تاکہ وہ اپنی استعداد کے مطابق معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
مدرسہ انتظامیہ نے مہم کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں مسلم بچوں اور بچیوں کی صحیح رہنمائی ناگزیر ہے۔
ذمہ داران نے مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن، تعلیمی ٹیم اور آرگنائزر عبد الباسط صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایسی مزید تعلیمی و سماجی سرگرمیوں کے انعقاد کی توقع ظاہر کی۔

19:18 - 2025/11/18









آپ کا تبصرہ