حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کے بعد حسب سابق امام حسن عسکری علیہ السّلام کے وصیت نامے کی شرح و تفسیر کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کا ذکر کیا اور کہا کہ ایام عزاء فاطمیہ سلام اللہ علیہا کی مناسبت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے بہتر ہے کہ ان ایام میں اسلام میں خواتین کا مقام اور ان کا ذکر کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک مکمل طریقۂ زندگی اور ضابطہ حیات ہے جو انسان کی تمام پہلوؤں میں رہنمائی کرتا ہے۔ اسلام میں عورت کا مقام بہت اہم ہے جو کہ انسانی معاشرت کی بنیاد ہے، اسلام میں عورت کو وہ حقوق دئیے گئے ہیں جو کسی دوسرے مذہب یا قوم میں نہیں ملتے۔ مثلاً، اسلام نے پہلے ہی عورتوں کو میراث کا حق دیا، وہاں جہاں دنیا کے دوسرے حصوں میں عورتوں کو ایسا حق نہیں تھا۔
امام جمعہ تاراگڑھ نے مزید کہا کہ عورت کو اسلام میں ماں، بیوی، بہن، بیٹی اور خود ایک معاشرتی فرد کے طور پر اہم حقوق بیان کیے گئے ہیں۔ جیسا کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا کہ "جنت ماں کے قدموں تلے ہے جو عورت کے مقام و مرتبہ کی اہمیت کو بیان کرتا ہے۔ زوجہ کی حیثیت سے مہر اور نان و نفقہ کے بارے میں اسلام کی تعلیمات موجود ہیں اور بیٹی ہے تو اسلام نے اس کے بھی حق میراث کو معین فرمایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو اس کے حقوق سے محروم کرنا اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہے، اسلام نے عورتوں کے ان حقوق کو بیان کرکے ان کی عظمت و حرمت اور مقام کو بیان کیا ہے۔
خطیب جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ جناب فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی معرفت اور محبت کو اپنانا انسان کی سعادت کا ذریعہ ہے، روایات کے مطابق کسی نبی کی نبوت اس وقت تک مکمل نہیں ہوئی جب تک انہوں نے حضرت فاطمہ کی محبت اور فضیلت کا اقرار نہ کیا۔
حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت انسانی فہم و ادراک کی حدود سے بالاتر ہیں ان کی محبت، ان کی معرفت اور ان کی تعلیمات کو اپنانا ہماری معاشرتی و روحانی ترقی کا ضامن ہے۔
انہوں نے مزید تاکید کی کہ ایام عزائے فاطمیہ کو پچھلے برسوں سے زیادہ اس سال بھی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے، تاکہ اس مقدس ہستی کی تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچا سکیں اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کو نشر کرسکیں۔
امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے دہلی میں پیش آنے والے بم بلاسٹ کے حادثے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس المناک و افسوسناک حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہم سب مل کر ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کی دعا کرتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ