حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مسجد پنجتنی تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں منعقدہ مجالسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید نقی مہدی زیدی نے قرآن کریم اور احادیث کی روشنی میں فضائلِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تمام حسن و جمال اور کمال کو ایک شخصیت میں جمع کر دیا جائے تو وہ فاطمہ ہو گی، بلکہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا حسن و جمال سے بھی بالاتر ہیں، چونکہ وہ تمام خوبیوں کی سر چشمہ ہیں۔
خطیبِ مجلس نے جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کے مقام و عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ذات معیار غضب الٰہی اور معیار رضائے الٰہی ہے اور آپ نظام نبوت اور امامت کے درمیان وہ الٰہی حلقۂ اتصال ہیں جنہیں خدا نے خود ائمۂ معصومین علیہم السلام پر بھی حجت قرار دیا ہے۔
مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شفاعت ہمیں نصیب ہو تو ہمیں اپنی زندگی اور اعمال کو ایسا بنانا چاہیے کہ جن سے ان کی خوشنودی حاصل ہو، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تمام خواتین عالم میں بے مثال اور بے نظیر تھیں اگرچہ بی بی سلام اللہ علیہا ایک نبی یا امام نہیں ہیں، لیکن علم، تقویٰ، عصمت، شجاعت اور طہارت کے وہ تمام کمالات جو ایک معصوم میں ہوتے ہیں، آپ کی ذات میں جلوہ گر ہیں۔
امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے مزید کہا کہ نذر و اطعام، پرچم آویزاں کرنا، مجلس و عزاداری کا اہتمام، موکب اور سبیلیں لگانا، جلوسوں میں شرکت وغیرہ، یہ سب شفاعت کے راستے اور حضرت کی رضا کا سبب ہیں۔ جو شخص حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے لیے قدم اٹھاتا ہے، اللہ، رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ معصومین علیہم السلام اس سے راضی ہوتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ