جمعرات 30 اکتوبر 2025 - 14:23
سہارنپور میں جشنِ میلادِ شریکۃ الحسینؑ حضرت زینب کبریٰؑ کا عظیم الشان انعقاد

حوزہ/ بزمِ طلابِ زینبی کے زیر اہتمام حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر نانوتہ سادات، ضلع سہارنپور میں ایک روح پرور سیمینار اور محفلِ مقاصدہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شہروں سے آئے ممتاز علمائے کرام، شعراء اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نانوتہ-سہارنپور/ بزمِ طلابِ زینبی کے زیر اہتمام مثلِ سالہائے گزشتہ اس سال بھی حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر ایک عظیم الشان سیمینار و محفلِ مقاصدہ نانوتہ سادات ضلع سہارنپور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر طاہرہ و زکیہ، قائدہ و ناشرۂ پیغامِ کربلا، محافظۂ نسلِ مصطفیٰ، فخرِ مریم و سارہ، محسنۂ حوا و ہاجرہ، منقدۃ الانسیۃ، رائدۃ البشریہ، عالمہ غیر معلّمہ، نائبۂ فاطمہ زہرا، حفیدۂ جناب خدیجہ، حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

سہارنپور میں جشنِ میلادِ شریکۃ الحسینؑ حضرت زینب کبریٰؑ کا عظیم الشان انعقاد

یہ جشن دراصل اس روایت کا تسلسل ہے جو دیارِ عقیلۂ بنی ہاشم میں علومِ آلِ محمدؐ حاصل کرنے والے ہندوستانی طلباء نے قائم کی تھی۔ وہ ہر سال 5 جمادی الاول کو شہزادیٔ کربلا کی ولادت کے موقع پر محفلِ مقاصدہ منعقد کیا کرتے تھے۔ حالات ناسازگار ہونے کے بعد جب وہ وطن واپس آئے تو انہوں نے طے کیا کہ یہ جشن ہندوستان کے مختلف شہروں میں بھی جاری رکھا جائے تاکہ ذکرِ زینبؑ کے طفیل سال میں کم از کم ایک بار ملاقات اور احوال پرسی کا موقع میسر آ سکے۔

اکبرپور، فیض آباد، بنارس، اعظم گڑھ، جبل پور، علی گڑھ، دورائی (ضلع اجمیر) اور دہلی کے بعد امسال یہ پروگرام نانوتہ ضلع سہارنپور میں حجۃ الاسلام مولانا حشمت صاحب کی خواہش اور تعاون سے مدرسہ قرآن و عترت کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں مدرسہ کی طالبات، مدرسات، مدیرہ اور مقامی مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مولانا حشمت صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک اور حدیثِ کساء سے ہوا، جس کے بعد مختلف علمائے کرام نے حضرت زینبؑ کی حیاتِ طیبہ پر روشنی ڈالی۔ مقررین میں حجۃ الاسلام مولانا سید محمد علی گوہر (اکبرپور)، مولانا سید آصف (بکنالہ سادات)، مولانا علی محمد (امام جمعہ رامپور)، مولانا عارف حسین، مولانا سید ارشد کاظمی (جولی) اور مولانا معراج علی منگلوری شامل تھے۔

سہارنپور میں جشنِ میلادِ شریکۃ الحسینؑ حضرت زینب کبریٰؑ کا عظیم الشان انعقاد

مدرسہ قرآن و عترت کی طالبہ محترمہ ردا بتول نے انگریزی زبان میں سیرتِ حضرت زینبؑ پر شاندار تقریر کی، جو دینی مدارس میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگی کی روشن مثال قرار دی گئی۔ اس کے بعد حجۃ الاسلام مولانا سید وسیم اصغر رضوی (بنارس) نے "جنابِ زینبؑ کا عصمتی کردار" کے عنوان سے خطاب کیا، جب کہ راقم الحروف گلزار جعفری (تاراگڑھ، اجمیر) نے "کعبۂ فکر ہے جناب زینبؑ کی ذات" کے موضوع پر مقالہ پیش کیا۔

مہمانِ خصوصی حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شیخ ضیائی معاون دفتر نمائندگی ولی فقیہ دہلی نے اختتامی خطاب فرمایا، جس کا ترجمہ جناب جواد کرگلی نے کیا۔ سیمینار کی نظامت گلزار جعفری نے انجام دی اور مولانا حشمت زینبی نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ یہ پروگرام دوپہر دو بجے شروع ہوا اور مغرب سے قبل کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

سہارنپور میں جشنِ میلادِ شریکۃ الحسینؑ حضرت زینب کبریٰؑ کا عظیم الشان انعقاد

نمازِ مغربین کے بعد شب آٹھ بجے طرحی محفلِ مقاصدہ منعقد ہوئی جس کا مصرعہ طرح "پوچھئے پیمبر سے شانِ سیدہ زینبؑ" تھا۔ آغاز حجۃ الاسلام مولانا سید محمد اطہر کاظمی (دھولڑی، میرٹھ) کے بیانِ فضائل سے ہوا جنہوں نے حضرت زینبؑ کو "شبیہ حضرت خدیجہؑ" کے عنوان سے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ممتاز شعراء نے اپنا کلام پیش کیا جن میں مولانا سید ندیم اصغر (بنارس)، مولانا معراج علی منگلوری، ڈاکٹر مائل چندولوی، مولانا رضی بسوانی، جناب کلیم بجنوری، مولانا گلزار مولائی (بنارس)، مولانا اقبال ایمانی (بنارس)، مولانا وسیم رضوی (بنارس)، مولانا آصف (بکنالہ)، مولانا سلیم عباس زیدی (بیڑہ سادات، مظفر نگر)، منصب علی اجمیری، علی ناصر مشہدی، شوق نانوتوی، امیر حیدر نانوتوی، وسیم اور خرم صاحبان شامل تھے۔

محفل کی نظامت مولانا قرطاس کربلائی نے کی، جب کہ اختتام پر مولانا شاداب حسین مظفرنگری کے دعائیہ کلمات سے محفل کا اختتام ہوا۔ مولانا وسیم رضوی نے تمام مہمانانِ گرامی اور مقامی مومنین کا شکریہ ادا کیا۔

قابل ذکر طلابِ زینبی میں حجۃ الاسلام مولانا اسد نانوتوی، مولانا ہدایت نانوتوی، مولانا سید آل محمد مظفرنگری، مولانا نعیم گوہر اور مولانا سید محمد حسینی کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد مقامی علمائے کرام بھی شریکِ جشن رہے جن میں مولانا تنویر عالم اور بانیِ مدرسہ قرآن و عترت مولانا مختار کی خدمات خصوصاً قابلِ تحسین رہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha