ہفتہ 1 نومبر 2025 - 10:20
ایمان و عمل کے لحاظ سے جو مستحکم ہوگا وہی روز قیامت آگے ہوگا: مولانا سید احمد علی عابدی

حوزہ/ خوجہ جامعہ مسجد ممبئی میں مولانا سید احمد علی عابدی نے خطبہ جمعہ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایمان و عمل کے لحاظ سے جو مستحکم ہوگا وہی روز قیامت آگے ہوگا، کہا کہ بروزِ محشر جناب سیدہ (س) کی عظمت و شان بے نظیر ہوگی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے ممبئی ہندوستان کی خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عزاداری کی اہمیت اور ضرورت بیان کرتے ہوئے عزاداری کرنے والوں کی قدردانی کی اور مزید عزاداری کی تاکید کی۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے یہ بتاتے ہوئے کہ اللہ کے یہاں کوئی تعصب یا پارٹی بازی نہیں ہوتی، لہٰذا ایمان و عمل کے لحاظ سے جو مستحکم ہوگا وہی روز قیامت آگے ہوگا۔

انہوں نے بروزِ محشر حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن اللہ تعالٰی نے جو درجہ اور عظمت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کو عطا کی ہے وہ کسی اور کو عطا نہیں کی، کیونکہ کوئی اور ایمان و عمل کے حوالے سے ان کے برابر نہیں ہے۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے زور دے کر لوگوں سے اپیل کی کہ آنے والے دنوں میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی مجلسوں میں زیادہ سے زیادہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت کو بیان کیا جائے اور کچھ اس طرح سے بیان کیا جائے کہ ہمارے گھروں میں قابلِ عمل قرار پائے۔

امام جمعہ ممبئی نے دور حاضر میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح اور گھریلو اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا ذکر تو سنتے ہیں، لیکن ہمارے ہاں فاطمی تہذیب پر عمل نہیں ہوتا، بلکہ ہم مغربی تہذیب پر عمل پیرا ہیں اس لیے ہمارے یہاں یہ اختلافات ہو رہے ہیں۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ آپ ان کے ساتھ نہ چلیں، بے شک آپ ان کے ساتھ چلیں، لیکن جن میدانوں میں انہوں نے ترقی کی ہے مثلا سائنس کے میدان میں آپ ان کے ساتھ چلیں، لیکن اخلاقیات میں اسلام کے ساتھ رہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha