جمعہ 17 اکتوبر 2025 - 16:47
حسد ظلم اور کفر کا موجب بنتا ہے، مولانا سید نقی مہدی زیدی

حوزہ/مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں قرآن و حدیث کی روشنی میں حسد کی اقسام بیان کرتے ہوئے کہا کہ حسد ظلم اور کفر کا موجب بنتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کے بعد امام حسن عسکری علیہ السّلام کے وصیت نامے کی شرح و تفسیر کرتے ہوئے اخوت و بھائی چارگی کے حوالے سے کہا کہ انسان کو چاہیے کہ اپنے بھائیوں کے سلسلے میں حسد سے بچے اس لیے کہ حسد ظلم اور کفر کا موجب بنتا ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السّلام نے فرمایا ہے کہ: "ايّاكُم أنْ يَحْسُدَ بَعضُكُم بَعْضا"؛ فإنَّ الكُفْرَ أصلُهُ الحَسدُ۔؛ ایک دوسرے کے ساتھ حسد کرنے سے بچو، کیونکہ کفر کی اصل(بنیاد)حسد ہے۔

انہوں نے حسد اور رشک میں فرق بیان کرتے ہوئے کہا کہ حسد: کسی کی نعمت دیکھ کر اس کے چھن جانے کی تمنا کرنا۔
رشک (یا غبطہ) : کسی کی نعمت دیکھ کر یہ آرزو کرنا کہ اللہ تعالیٰ اُس جیسی نعمت مجھے بھی عطا فرمائے، حسد نہیں کہلاتا۔

خطیب جمعہ تاراگڑھ نے حسد کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حسد سے انسان کے نیک اعمال ضائع ہوجاتے ہیں، دل میں کینہ، بغض اور کھوٹ پیدا ہوتا ہے، معاشرہ انتشار کا شکار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصمعی ایک مشہور شاعر عرب ہے وہ کہتا ہے کہ: ’’میں نے بنو عذرہ نامی قبیلہ میں ایک اعرابی (بدو) کو دیکھا جس کی ایک سو بیس سال عمر تھی، میں نے اُس سے پوچھا کہ تمہارے اتنی لمبی عمر کا راز کیا ہے؟ تو اُس نے بتایا کہ: ’’میں نے حسد کرنا چھوڑدیاہے، اس لیے ابھی تک باقی (زندہ) ہوں۔‘‘

حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی نے کہا کہ قرآن مجید ارشاد اقدس الٰہی ہے کہ: وَ مِنۡ شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ، ”اور (میں پناہ مانگتا ہوں رب کی) حسد کرنے والے کے شر سے جب وہ حسد کرے“، حضرت امیرالمومنین علی علیہ السّلام فرماتے ہیں کہ: "خدا چھ گروہوں کو چھ گناہوں کے باعث عذاب دے گا، عرب کو غلط تعصب کی وجہ سے، کسانوں اور زمینداروں کو غرور کی وجہ سے، حاکموں کو ظلم کرنے کی وجہ سے، عالموں کو حسد کرنے کی وجہ سے، لین دین کرنے والوں کو خیانت کی وجہ سے اور دہقانوں (گاؤں والوں) کو نادانی کی وجہ سے"۔

امام جمعہ تاراگڑھ نے حاسد کی علامتیں بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السّلام نے فرمایا: قالَ لُقمانُ لابنِهِ : للحاسِدِ ثَلاثُ عَلاماتٍ: يَغْتابُ إذا غابَ ، ويَتَملّقُ إذا شَهِدَ ، ويَشْمَتُ بالمُصيبهِ، حضرت لقمان نے اپنے بیٹے سے فرمایا: ’’حاسد کی تین علامتیں ہیں : ’’پس پشت(لوگوں کی) غیبت کرتا ہے، (ان کے سامنے) چاپلوسی کرتا ہے اور (دوسروں کی) مصیبت پر خوش ہوتا ہے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسد سے دور رہنے اور اس کی نشانیوں کے بارے میں بہت حدیث نقل ہوئی ہیں۔ مشہور حدیث میں، حسد کو آگ سے تشبیح دی گئی ہے کہ جیسے لکڑی آگ کو کھا جاتی ہے اسی طرح سے حسد آدمی کی نیکیوں کو تباہ کر دیتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha