ہفتہ 15 نومبر 2025 - 11:50
منبر حق پہنچانے کا وسیلہ ہے، جس کے لیے فضائل و وعظ دونوں ضروری ہے، مولانا سید رضا حیدر زیدی

حوزہ/ لکھنؤ شاہی آصفی مسجد میں نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ سوال یہ ہوتا ہے کہ یہ عزائے فاطمی کیوں ضروری ہے؟ تو اس کے جواب میں عرض کہ ایام عزائے فاطمی ظلم کے خلاف بیداری کی لہر کو پیدا کرتے ہیں۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ پروردگار ہمیں توفیق دے کہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں تقوی رہے، اس سے ڈرتے رہیں اور اس کے احکام پر عمل کرتے رہیں۔

نماز غدیر کی جماعت کے مسئلہ کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ اس سلسلہ میں فقہاء کے 3 نظریے ہیں۔ کچھ نے جماعت سے پڑھنے کی اجازت دی ہے، کچھ نے منع کیا ہے اور کچھ نے توقف فرمایا ہے، یعنی نہ حکم دیا ہے اور نہ ہی روکا ہے۔ ہر ایک کے پاس اپنی فقہی دلیل ہے۔ لہذا جو جس کی تقلید کرتا ہے اس کے فتویٰ پر عمل کرے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خطبۂ غدیر کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ حضور نے پہلے اللہ کی حمد کی، اس کے بعد لوگوں کو وعظ و نصیحت فرمایا اور اس کے بعد امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی ولایت کا اعلان کیا۔ جس سے واضح ہوتا ہے کہ منبر سے جہاں فضائل پڑھے جائیں وہیں وعظ و نصیحت بھی کی جائے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ منبر حق پہنچانے کا وسیلہ ہے۔ جس کے لئے فضائل بیان کرنا بھی ضروری ہے اور احکام بیان کرنا بھی ضروری ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ منبر و محراب کو جدا کرنے سے گمراہی پھیلے گی اور جہاں جہاں گمراہی ہے اس کی وجہ بھی یہی ہے۔ جب منبرِ غدیر سے وعظ و نصیحت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تو کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ منبر سے صرف فضائل پڑھیں وعظ و نصیحت نہ کریں۔

شہید آیۃ اللہ العظمیٰ باقر الصدر رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب "اقتصادنا" کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ میرے استاد جو شہید صدر رحمۃ اللہ علیہ کہ شاگرد تھے انہوں نے بیان کیا کہ جب کتاب "اقتصادنا" شائع ہوئی اور اس کو شہرت حاصل ہوئی تو تیونس یا الجزائر سے دانشوروں کا ایک وفد نجف اشرف شہید صدر سے ملاقات کے لئے آیا۔ اس وفد میں سب یونیورسٹیز کے پروفیسرز تھے۔ دوران گفتگو ایک پروفیسر نے آپ سے پوچھا کہ آپ نے کس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے تو شہید نے جواب دیا: ہم نے مساجد اور امام بارگاہوں میں درس حاصل کیا ہے. ظاہر ہے نجف اشرف میں درس خارج زیادہ تر مساجد میں ہی ہوتے ہیں تو ان پروفیسر نے کہا: اگر یہ مساجد آپ جیسے علماء تربیت کرتی ہیں تو خدا کی قسم ہماری یونیورسٹیز سے ہزار گنا بہتر ہیں۔

ایام عزائے فاطمی کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے مزید کہا کہ سوال یہ ہوتا ہے کہ یہ عزائے فاطمی کیوں ضروری ہے؟ تو اس کے جواب میں عرض کہ ایام عزائے فاطمی ظلم کے خلاف بیداری کی لہر کو پیدا کرتے ہیں۔

عزائے فاطمی کے چند دیگر فوائد کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ یہ ایام عورت کی عزت، وقار اور قدرت کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ ایام فرق و مذاہب میں اتحاد اور ہم آہنگی کا سبب ہیں۔ یہ ایام روحانی تربیت اور اصلاح نفس کا بہترین موقع ہیں۔ یہ ایام خدمت خلق کا بہترین موقع ہیں‌۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha