حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،علی گڑھ، سول لائنز/ الْعُصْفُور سینٹر آف لرننگ، صاحب العصر منزل میں "تعلیم اور روزگار" کے موضوع پر ایک بصیرت افروز پریزنٹیشن کا انعقاد عمل میں آیا، جسے معروف سماجی کارکن، مخلص دانشور اور طلبہ دوست شخصیت جناب حاجی سید مسعود حسین (سابق چیئرمین، مرکزی آبی کمیشن، وزارتِ آبی وسائل، حکومتِ ہند) نے پیش کیا۔
اس پریزنٹیشن میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسعود صاحب کی گفتگو نے نوجوانوں میں جذبے، امید اور نئی سمت کا شعور پیدا کیا۔ انہوں نے نہایت سنجیدگی اور خلوص سے موجودہ تعلیمی نظام، روزگار کے امکانات اور زمینی حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو حالات کے مطابق خود کو تیار کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال سول سروسز کے تحت 700 تا 800 افراد کو منتخب کیا جاتا ہے، جب کہ SSC-CGL/CHSL جیسے امتحانات کے ذریعے 15 تا 20 ہزار آسامیاں نکلتی ہیں، جن پر توجہ دینا کامیابی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔
انہوں نے تعلیم کے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رپورٹ کے مطابق انجینئرنگ میں 50 فیصد طلبہ کو روزگار نہیں مل پاتا، کیونکہ اکثر ادارے معیاری تعلیم و تربیت دینے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے نیٹ میں کامیاب ہونے والوں کو متنبہ کیا کہ ڈاکٹر بننے کے باوجود نوکری کی ضمانت نہیں، اس لیے صرف خواب دیکھنے سے پہلے حقیقت کو سمجھیں اور "پلان بی" بھی تیار رکھیں۔
سید مسعود حسین نے ایماندارانہ طور پر طلبہ کو بتایا کہ اب زمانہ ایسا ہے کہ MTS جیسے ابتدائی درجے کے عہدوں کے لیے بھی پوسٹ گریجویٹ افراد درخواست دے رہے ہیں، لہٰذا اسٹاف سلیکشن کمیشن جیسے عملی مواقع کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
انہوں نے SSC امتحانات کی تیاری، طریقۂ کار اور کامیابی کے گر بھی سادہ زبان میں بیان کیے۔
پروگرام کی اہم بات یہ تھی کہ 2018 بیچ کے پی سی ایس آفیسر، سید عباس حسن نقوی (ایس ڈی ایم، فیروزآباد) نے بھی شرکت کی اور اپنی تیاری کا تجربہ نوجوانوں سے ساجھا کیا۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے سابق لائبریرین محترم اسلم مہدی نے بھی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ الْعُصْفُور سینٹر آف لرننگ کے تمام طلبہ کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور انھیں اپنے بچوں کی طرح سمجھا جائے گا۔
یہ پریزنٹیشن طلبہ و طالبات کے لیے نہ صرف آگاہی کا ذریعہ بنا بلکہ ان کے کیریئر کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ شرکاء نے اسے نہایت مفید اور رہنما سیشن قرار دیا۔










آپ کا تبصرہ