حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد اور ایران کے سفیر کے ہمراہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امت مسلمہ کے مسائل، بالخصوص فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
آیت اللہ اعرافی نے اس موقع پر فلسطین کی بھرپور حمایت اور غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں ملائیشیا کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
"ہم ملائیشیا کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی فلسطینیوں کا ساتھ دیا۔ یہ پالیسی نہ صرف ملت فلسطین کے لیے امید کا پیغام ہے بلکہ عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کے لیے بھی تقویت کا باعث ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، اور اس راہ میں اسلامی ممالک کو زیادہ سے زیادہ تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
وزیر اعظم انور ابراہیم نے آیت اللہ اعرافی اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کی حمایت کو اپنا دینی اور انسانی فریضہ سمجھتا ہے اور یہ مؤقف ہمیشہ جاری رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ اعرافی ان دنوں ایک سرکاری دورے پر ملائیشیا میں ہیں، جہاں وہ مختلف مذہبی، علمی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔









آپ کا تبصرہ