منگل 3 جون 2025 - 12:35
امام خمینیؒ ایک مردِ مؤمن، مصلحِ ملت اور بے نظیر قائد تھے

حوزہ/انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بانیٔ انقلابِ اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں اُنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ ایک ایسے مردِ مومن، مصلحِ ملت اور قائدِ انقلاب تھے جنہوں نے نہ صرف ایران، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو بیداری، مزاحمت اور اسلامی شناخت کا شعور عطا کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بانیٔ انقلابِ اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کے موقع پر ایک پیغام میں اُنہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ ایک ایسے مردِ مومن، مصلحِ ملت اور قائدِ انقلاب تھے جنہوں نے نہ صرف ایران، بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو بیداری، مزاحمت اور اسلامی شناخت کا شعور عطا کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران امام خمینیؒ کی دوراندیشی، دینی بصیرت اور عوامی قیادت کا زندہ معجزہ ہے، جس نے باطل قوتوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں۔ یہ انقلاب فقط سیاسی تبدیلی نہیں، بلکہ اسلامی اقدار کی بازیابی اور مظلومینِ عالم کی حمایت کا اعلان تھا۔

آقا حسن صفوی نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کا پیغام فرقہ وارانہ تعصبات سے بالاتر ہو کر "اتحاد بین المسلمین" پر مبنی تھا۔ آپ نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کو امت کی طاقت قرار دیا اور فرمایا کہ "مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور تفرقہ ڈالنے والے دشمن کے ایجنٹ ہیں"۔ آج جب امت انتشار کا شکار ہے، ہمیں امامؒ کی اُس آواز کو پھر سے بلند کرنا ہوگا۔

فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرتے ہوئے آغا سید حسن نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اسرائیل کو "سرطان کے غدود" قرار دیا اور جمعۃ الوداع کو یوم القدس قرار دے کر پوری امت کو قبلۂ اول کے تحفظ اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے متحد کیا۔ آپ کا یہ تاریخی جملہ آج بھی ہماری رہنمائی کرتا ہے:"اگر دنیا کے تمام مسلمان ایک ایک بالٹی پانی اسرائیل پر ڈال دیں تو اسرائیل کا نام و نشان مٹ جائے گا۔"یہ الفاظ محض علامتی نہیں، بلکہ ایک حقیقت کا اعلان ہیں کہ اگر ہم ایک ہوجائیں، تو کوئی طاغوتی قوت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔

آغا سید حسن نے موجودہ حالات، خصوصاً غزہ میں اسرائیل کی جاری وحشیانہ کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سینکڑوں معصوم فلسطینی بچے، خواتین اور بزرگ اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں، ہسپتال، اسکول، اور پناہ گاہیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، اور بین الاقوامی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کیے بیٹھی ہے۔ یہ ظلم صرف فلسطین پر نہیں، پوری انسانیت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امام خمینیؒ کی دی گئی رہنمائی پر امت مسلمہ آج بھی عمل کرے اور اتحاد، مزاحمت اور اسلامی بیداری کے اصولوں پر کاربند ہو جائے تو اسرائیل جیسے غاصب کی جرأت باقی نہیں رہے گی۔

آغا سید حسن نے موجودہ حالات میں اتحاد، عزم، استقامت اور اسلامی اخوت کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیا۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امام خمینیؒ کی تعلیمات کا مطالعہ کریں اور اُن کی فکر کو اپنے کردار میں ڈال کر اسلام کے عالمی پیغام کو عام کریں۔

آغا حسن صفوی نے کہا کہ امام خمینیؒ کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ ظلم کے خلاف قیام، حق کی حمایت اور امت کی وحدت ہمارا فرض ہے۔ ہمیں آج پھر اسی جذبے، اسی عزم اور اسی اخلاص کے ساتھ میدانِ عمل میں آنا ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha