اتوار 1 جون 2025 - 23:32
بانی انقلابِ اسلامی، امام خمینی کی 36ویں برسی کی مناسبت سے ممبئی میں  "یاد امام راحل" کانفرنس کا انعقاد

حوزہ/ علماء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سماجی و سیاسی حالات میں امام خمینیؒ کی فکر آج بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے سامعین کو ظالم طاقتوں کے خلاف مزاحمت اور قیادت میں اخلاقی پاکیزگی جیسے پیغامات کو اپنانے کی دعوت دی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/ آیت اللہ روح اللہ موسوی خمینیؒ، بانی اسلامی جمہوریہ ایران، کی 36ویں برسی قیصر باغ ہال میں "یادِ امامِ راحل" کے عنوان سے بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس پُر وقار پروگرام میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں معروف علمائے کرام، طلباء، عوامی نمائندگان اور خواتین شامل تھیں، جن کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے تھے۔

یہ پروگرام نہایت ہی خشوع و خضوع کے ساتھ منعقد ہوا،جسمیں امام خمینیؒ کی زندگی اور ان کے انقلابی نظریات پر گہرے غور و فکر کا موقع فراہم کیا گیا۔انقلابِ ایران میں اُن کے کلیدی کردار اور ایک اسلامی نظام کے قیام میں اُن کی کوششیں؛ جو عدل، مزاحمت اور روحانی بیداری پر مبنی تھا، اس تقریب کا مرکزی موضوع رہا۔

تقریب کی خاص جھلک بچوں کی ایک پُرجوش اجتماعی پرفارمنس تھی، جس میں 50 سے زائد بچوں نے جذباتی انداز میں ترانہ سلام فرماندہ پیش کیا۔ ان معصوم بچوں کے ولولہ انگیز کلمات نے حاضرین کے دلوں کو گرما دیا اور امام خمینیؒ کے افکار کی نئی نسل تک منتقلی کی علامت بنے۔

متعدد معزز علمائے کرام نے اسٹیج پر آکر امام خمینیؒ کی کثیر الجہتی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین میں مولانا حیدر عباس، مولانا سید محمد عسکری، مولانا حسین مہدی حسینی، اور مولانا حسنین رضوی کراروی شامل تھے۔ مقررین نے اُن کے ظلم کے خلاف بےباک مؤقف، قرآن و اہل بیتؑ سے گہری وابستگی، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و خود انحصاری کے نظریے کو تفصیل سے بیان کیا۔

علماء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ سماجی و سیاسی حالات میں امام خمینیؒ کی فکر آج بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے سامعین کو ظالم طاقتوں کے خلاف مزاحمت اور قیادت میں اخلاقی پاکیزگی جیسے پیغامات کو اپنانے کی دعوت دی۔

تقریب میں ایک جامع آڈیو وِژوئل پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس میں امام خمینیؒ کی ابتدائی زندگی، پہلوی حکومت کے خلاف جدوجہد، انقلابِ ایران 1979، اور اُن کے عالمی اسلامی بیداری پر پڑنے والے اثرات کو پیش کیا گیا۔ یہ پریزنٹیشن اسلامی دنیا کے سیاسی و روحانی منظرنامے میں آنے والی انقلابی تبدیلیوں کی ایک جھلک تھی۔

آخر میں دعاؤں کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا اور امام خمینیؒ کے افکار اور اقدار کو زندہ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha