منگل 3 جون 2025 - 20:07
سعودی حکومت مولانا غلام حسنین وجدانی کو فی الفور رہا کرے/ بلاجواز گرفتاری پر حکومت پاکستان سفارتی ذرائع استعمال کرے، علامہ سید احمد اقبال رضوی

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین نے ایک بیان میں عمرے کے دوران سعودی عرب میں بلا جواز گرفتار کیے جانے والے پاکستان کے معروف عالم دین مولانا غلام حسنین وجدانی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم سعودی عرب میں ممتاز عالم دین مولانا حسنین وجدانی کی گرفتاری پر گہری تشویش اور اضطراب کا اظہار کرتے ہیں، مولانا وجدانی نہ صرف پاکستان کے علمی و فکری حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، بلکہ بین الاقوامی سطح پر اتحادِ امت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے داعی کے طور پر جانے پہچانے جاتے ہیں، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ ایسے علماء جو علمی، دینی اور پرامن جدوجہد میں مصروف ہوں، ان کے خلاف کسی بھی قسم کی گرفتاری یا قدغن نہ صرف علمی و دینی حلقوں میں اضطراب کا باعث بنتی ہے، بلکہ ملت کے اندر بے اعتمادی اور احساسِ محرومی کو جنم دے سکتی ہے، ہم حکومتِ پاکستان، بالخصوص وزارتِ خارجہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سعودی حکام سے فوری طور پر سفارتی ذرائع کے ذریعے رابطہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا حسنین وجدانی کے لیے قونصلر رسائی کا بندوبست کیا جائے، تاکہ ان کی خیریت، قانونی حیثیت اور گرفتاری کی وجوہات کا شفاف انداز میں تعین ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب حکومت سے بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اتحادِ بین المسلمین کے مؤثر مبلغ اور عالمی سطح پر امن کے داعی مولانا شیخ حسنین وجدانی کو جلد از جلد رہا کرے تاکہ ملتِ جعفریہ میں پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ ہو اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ اور تقویت ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر اس اقدام کی مؤید ہے جو امتِ مسلمہ کے اتحاد اور فرقہ واریت کے ناسور کے خاتمے کی جانب پیش رفت کا سبب بنے۔ اللہ ربّ العزّت، مولانا حسنین وجدانی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، ان کی فوری رہائی کی سبیل پیدا فرمائے اور تمام اسبابِ خیر مہیا فرمائے۔

واضح رہے مولانا غلام حسنین وجدانی کوئٹہ پاکستان میں امام جمعہ ہیں اور موصوف گزشتہ ماہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، تاہم وہ آج تک لاپتہ ہیں۔

سعودی حکومت مولانا غلام حسنین وجدانی کو فی الفور رہا کرے/ بلاجواز گرفتاری پر حکومت پاکستان سفارتی ذرائع استعمال کرے، علامہ سید احمد اقبال رضوی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha