حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام بارگاہ جعفریہ گوونڈی ممبئی ہندوستان میں ایک عظیم الشان جشن بعنوان طرحی جشن عقد حضرت زہرا سلام اللہ علیہا منعقد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، جشن کا آغاز حدیث کساء کی تلاوت سے ہوا اور حجۃ الاسلام مولانا سید علی عباس امید اعظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ حجۃ الاسلام مولانا رضی امام مہمان خصوصی تھے۔
اس عظیم الشان جشن میں ہندوستان بھر کے مشہور و معروف علمائے کرام، شعرائے عظام اور دانشوران حضرات شریک ہوئے۔
جشن کے کنوینر، ناظم اعلیٰ ساحل اعظمی نے اپنی مثالی نظامت سے جشن کو اول تا آخر منظم رکھا۔ مصرع طرح: "پھر ایسی شادی ہوئی نہ ہوگی" پر یکے بعد دیگر شعرائے کرام نے طرحی اور غیر طرحی کلام پیش کر کے سامعین کی سماعتوں کو محظوظ کیا اور خوب داد وصول کی۔
شعرائے کرام میں استاد الشعراء منظور اعظمی، ڈاکٹر شعور اعظمی، نشتر مالکی، محسن نقوی، اشک ہلوری، خورشید ہلوری، نصیر اعظمی، جاوید موسوی، حجۃ الاسلام مولانا یونس حیدر ماہلی، خوشتر ہلوری، عظیم اعظمی، علی جواد، نزیل عباس کے بہترین کلام کو سامعین نے خوب سراہا خصوصاً حجۃ الاسلام مولانا یونس حیدر ماہلی کی خوبصورت آواز اور کلام کو مؤمنین نے داد و تحسین سے نوازا۔
دوران جشن، پروفیسر ضامن عباس محمد آبادی نے اپنی عمدہ خطابت سے جشن کا سما باندھ دیا۔ جشن کے اختتام سے قبل استاذ الشعرا جناب ڈاکٹر شعور اعظمی کو ان کی قومی اور ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے "لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ حجۃ الاسلام مولانا رضی امام، حجۃ الاسلام مولانا یونس حیدر ماہلی، حجۃ الاسلام مولانا علی عباس امید استاذ الشعراء ڈاکٹر منظور اعظمی کے دست مبارک سے پیش کیا گیا اور مشہور دانشوران اور شخصیتوں نے شال پوشی کے ذریعے ڈاکٹر شعور اعظمی کا اعزاز کیا۔
آخر میں مولانا رضی امام نے دعائیہ کلمات سے جشن کا اختتام کیا۔
یہ پروقار جشن اور اعزاز و ایوارڈ ناظم اعلیٰ ساحل اعظمی اور مؤمنین ممبئی کے باہمی تعاون سے منعقد کیا گیا تھا۔