حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،گھوسی/ بڑا گاؤں گھوسی میں بروز منگل ۸ بجے شب میں جشن محسن اسلام منعقد ہوا جس میں مقامی شعراء نے محسن اسلام، عم محترم رسول حضرت ابوطالب علیہ السلام کی مدح و منقبت میں اشعار پیش کئے۔ بزم کا آغاز تلاوت کلام الہٰی سے ہوا۔ اس بزم میں علماء کرام بھی تا آخر جشن، موجود رہے۔
درمیان جشن، حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کی خدمت میں شعر خوانی کے بعد وطن لوٹے مولانا ڈاکٹر علی اصغر الحیدری کو "فخر قوم و ملت" کے ایوارڈ بدست علماء منجملہ استاذ العلماء مولانا مہدی حسینی، حضرت علامہ مظاہر حسین محمدی پرنسپل مدرسہ باب العلم مبارکپور، مولانا نسیم الحسن، مولانا شبیر زینبی، مولانا سید علی فخری اور ڈاکٹر سید زین الحسن رضوی اچھن، نوازا گیا۔
مولانا مہدی حسینی نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈاکٹر علی اصغر ہماری قوم کیلئے مایہ افتخار ہیں۔ ان کی مسلسل کاوشوں نے انہیں ایک مقام تک پہنچنے میں مدد کی۔ اس کے بعد علامہ مظاہر حسین محمدی نے اپنی گفتگو میں ڈاکٹر علی اصغر کی علمی پیشرفت اور آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی داد و تحسین پہ مفصل گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ فقاہت و مرجعیت کے علاوہ آیت اللہ العظمی خامنہ ای بذاتہ صاحب دیوان شاعر ہیں۔ لہذا ان کے ذریعہ کی گئی تمجید ہمارے لئے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ ڈاکٹر مولانا علی اصغر الحیدری نے اپنی گفتگو میں اراکین جشن اور جملہ مومنین کا شکریہ ادا کیا۔
مذکورہ جشن کے کنوینر مولانا کاتب کاظم ناصری اور احسن ذاکری نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ ہماری ملت کو ایسے نوجوانوں کی سخت ضرورت ہے جو علمی پیشرفت میں پوری ملت کے لئے باعث افتخار ہوں۔ ہم نے اپنی ملت کی علمی پیشرفت کے لئے اور بچوں کو باہدف کرنے کی غرض سے مولانا ڈاکٹر علی اصغر الحیدری کو ایوارڈ سے نوازا۔ جشن تقریبا ۱۲ بجے تک چلا اور تقسیم انعامات اور دعائے فرج پہ مکمل ہوا۔
آپ کا تبصرہ