حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مئو ضلع کے گھوسی میں ایامِ فاطمیہ کے سلسلے میں خمسہ مجالس کا انعقاد کیا گیا، جس میں جناب سیدہ حضرت فاطمہ زہرا (س) کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ روزِ شہادت شہزادی کونین کے موقع پر جلوسِ فاطمی بھی نکالا گیا۔
مجالس سے خطاب کرنے والے علما میں ہندوستان کے مشہور و معروف علمائے کرام شامل تھے، جنہوں نے جناب سیدہؑ کے مقام و مرتبے اور ان کے مشن کو پیش کیا۔
پہلی مجلس کو حجت الاسلام عالیجناب مولانا جنان مولائی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جناب سیدہ نے تحفظِ ولایت کی بنیاد رکھی اور آج اسی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ آپ نے کہا کہ آج مظلوموں کا سب سے بڑا حامی اسلامی جمہوریہ ایران ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ معظم انقلاب وہ واحد شخصیت ہیں جن کے خطبوں اور بیانات کو وائٹ ہاؤس میں بھی سنا جاتا ہے۔
دیگر علما نے بھی جناب سیدہؑ کی قدر و منزلت اور ان کی قربانیوں کو بیان کیا۔
پروگرام کا آغاز مولانا محمد جاوید حسینی کی تلاوتِ حدیثِ کساء سے ہوا۔ خمسہ مجالس کے خطبا میں مولانا جنان اصغر مولائی، مولانا حیدر مولائی، مولانا ندیم اصغر، مولانا عروج علی، اور مولانا شبیر علی وارنثی شامل تھے۔ دوران جلوس بھی مختلف علما، جن میں مولانا مظاہر حسین، مولانا سید علی فخری، مولانا جعفر رضا جوہری، مولانا نسیم الحسن، اور مولانا محمد کامل کوثری شامل ہیں، نے تقاریر فرمائیں۔
جلوس کے دوران گاؤں کی مشہور و معروف انجمنوں نے نوحہ خوانی کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ سوز خوانی انجمنوں کے ساتھ مولانا وسیم گھوسی اور نسیم گھوسی نے پیش خوانی انجام دی۔
اس پروگرام میں مقامی اور بیرونی مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور وقت کے امامؑ کی خدمت میں پرسہ پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا شفقت تقی اور جناب ظفر مہدی نے انجام دیے۔