اتوار 30 مارچ 2025 - 06:38
جمال پور، گھوسی میں تربیتی کیمپ پرشکوہ جلسہ اختتامیہ کے ساتھ مکمل ہوا

حوزہ/ ڈاکٹر علی اصغر الحیدری کی حصولیابیوں پہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ جہان تشیع کے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہماری بستی کے نوجوان مولانا علی اصغر الحیدری کو بہترین داد و تحسین سے نوازا۔ یہ اپنے آپ میں ایک اہم کامیابی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جمالپور قصبہ گھوسی سے متصل ایک قدیم سادات بستی ہے جو اپنی عزائی خدمات میں پیش پیش رہی ہے۔ ادھر کچھ سالوں سے ماہ مبارک رمضان میں نوجوان عالم دین مولانا فیض عسکری صاحب جو جامعہ جوادیہ اور جامعہ ناظمیہ جیسی علمی، دینی اور تاریخی جامعات سے فخرالافاضل اور ممتاز الافاضل ہیں نیز معاصر علمی رجحان کے سبب لکھنؤ یونیورسٹی سے ایم۔اے کیا ہے، مذکورہ بستی میں تربیت و تدریس میں منہمک ہوئے۔ کم عرصے ہی میں ان کی انتھک کوششوں سے اس بستی کے نونہالوں میں دینی اور علمی بیداری پیدا ہوئی۔ چونکہ موصوف نے بی ایڈ بھی کیا ہے اس لئے موجودہ زمانے کی تربیتی روش اور تدریسی پیچیدگیوں سے مکمل آشنائی رکھتے ہیں اور مقتضائے حال کے مطابق تدریسی فرائض ادا کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ موصوف نے کم عرصے میں ہی اتنی متاثر کن تربیتی روش کو فالو کیا ہے کہ ہم ہمیشہ ان کے ممنون کرم رہیں گے۔

جمال پور، گھوسی میں تربیتی کیمپ پرشکوہ جلسہ اختتامیہ کے ساتھ مکمل ہوا

آج بحمد اللہ اس پروگرام کا اختتامیہ تھا جس کی صدارت معروف عالم دین اور قدیم تاریخی و دینی ادارہ باب العلم کے پرنسپل حجت الاسلام والمسلمین علامہ مظاہر حسین محمدی صاحب نے کی۔ اس پروگرام کو خوبصورتی کے ساتھ جامع انداز میں مولانا فیض عسکری صاحب ممتاز الافاضل نے آگے بڑھایا۔ پروگرام میں سب سے پہلے کورس میں شریک ہونے والے نونہالوں کو ان کی صلاحیت اور حاصل کردہ پوزیشن کے اعتبار سے ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ درمیان پروگرام، حال ہی میں ایران میں رہبر معظم کی خدمت میں اپنا فارسی کلام پیش کر رہبر معظم مدظلہ سے داد و تحسین حاصل کر کے لوٹنے والے گھوسی کے اسکالر مولانا ڈاکٹر علی اصغر الحیدری صاحب کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ مولانا فیض عسکری صاحب نے ڈاکٹر صاحب کا تعارف بھی کرایا۔

پروگرام میں تقسیم انعامات کے بعد، مدرسہ حسینیہ کے مینیجر مولانا کاظم مظہری صاحب ممتاز الافاضل نے تعلیمی اہمیت پہ روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ڈاکٹر علی اصغر الحیدری صاحب نے اس پروگرام کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا فیض عسکری صاحب کی انتھک کوششوں کو سراہا اور تعلیم و تربیت کے حوالے سے گفتگو کی۔ مدرسہ حسینیہ کے پرنسپل مولانا محمد حسن زینبی صاحب اور نوجوان مبلغ مولانا جاوید حسینی صاحب اور مولانا عابد جمال پوری نے اپنے کلام پیش کئے۔ آخر پروگرام میں حجت الاسلام والمسلمین علامہ مظاہر حسین محمدی صاحب نے اپنا کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے اپنی گفتگو کا آغاز سماج میں علم و عمل کی اہمیت و افادیت سے کیا اور ذکر فضائل اہلبیت علیھم السّلام کیا۔ ساتھ میں انھوں نے پروگرام کے منعقدین مثلاً جناب اعجاز مسلم(خوشنود)صاحب ،جناب ضمانت عباس(بھولو)صاحب،عالیجناب مولانا مسعود الحسن صاحب قبلہ،اورجناب شہنواز صاحب کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ سلسلہ یونہی قائم رہے۔ انھوں نے تفصیل کے ساتھ ڈاکٹر علی اصغر الحیدری کی حصولیابیوں پہ بھی گفتگو کی اور کہا کہ خوشی اور فخر کا مقام ہے کہ جہان تشیع کے مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ہماری بستی کے نوجوان مولانا علی اصغر الحیدری کو بہترین داد و تحسین سے نوازا۔ یہ اپنے آپ میں ایک اہم کامیابی ہے۔ پروگرام کا اختتام، بچیوں کی طرف سے دعائے فرج کی قرأت کے ساتھ ہوا۔پروگرام کے بعد مومنین جمالپور نے مولانا فیض عسکری صاحب کی کاوشوں کو خوب سراہا۔

از طرف: مومنین جمالپور گھوسی ضلع مئو

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha