حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے تین فوجی حملوں میں اسرائیلی بندرگاہ ایلات، ایک برطانوی بحری جہاز اور ایک امریکی ڈسٹرائر کو نشانہ بنایا ہے۔
یمنی فورسز نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فوجی کارروائیاں فلسطین کے مظلوم عوام پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو روکنے اور یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
بیان کے مطابق پہلی کارروائی میں میزائل فورس اور ڈرون فضائیہ نے مقبوضہ فلسطین میں ایلات کی بندرگاہ پر کئی مقامات پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون فائر کئے، دوسری کارروائی میں یمنی بحریہ نے خلیج عدن میں برطانوی بحری جہاز پر حملہ کیا اور اس حملے میں مناسب میزائلوں کا استعمال کیا، اس حملے کے نتیجے میں جہاز میں آگ لگ گئی، تیسری کارروائی میں بحیرہ احمر میں امریکی ڈسٹرائر کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل برطانوی فوج کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشن آرگنائزیشن نے بھی کہا تھا کہ ایک برطانوی جہاز میں آگ لگ گئی ہے، یہ آگ جنوبی یمن سے خلیج عدن میں ایک بحری جہاز پر داغے گئے میزائل کی وجہ سے لگی۔