اتوار 21 ستمبر 2025 - 16:39
پاک-سعودی دفاعی معاہدہ؛ امت مسلمہ کے حق میں ایک تاریخی پیشرفت: علامہ شیخ محمد حسن جعفری

حوزہ/ مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام جمعہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے حالیہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ امت مسلمہ کے حق میں ایک تاریخی پیشرفت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام جمعہ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے حالیہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا حالیہ معاہدہ امت مسلمہ کے حق میں ایک تاریخی پیشرفت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو نئی قوت فراہم کرے گا، بلکہ سیاسی، دفاعی اور معاشی میدانوں میں بھی پوری امت کے لیے وسیع تر مواقع پیدا کرے گا؛ یہ معاہدہ اسلامی دنیا کے مستقبل کو نئی جہت دینے اور مسلم ممالک کے درمیان عملی اتحاد و تعاون کی بنیاد کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بنے گا۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ پاک-سعودی معاہدہ مسئلہ کشمیر سمیت فلسطین، افغانستان اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے حل میں بھی مثبت کردار ادا کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کی یکجا اور مضبوط آواز دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دفاعی میدان میں باہمی تعاون خطے میں امن و استحکام اور اسلام دشمن طاقتوں کے عزائم کی ناکامی کا سبب بنے گا۔

امام جمعہ سکردو نے کہا کہ معاشی شعبے میں بھی اس معاہدے کی بڑی اہمیت ہے۔ توانائی، سرمایہ کاری، صنعت، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے یہ اقدام مسلم نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرے گا اور پوری امت کو معاشی خودکفالت کے قریب لے جائے گا؛ یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن ممالک میں اس معاہدے پر شدید بے چینی اور شور و غوغا ہے، جو اس کے دیرپا اور نتیجہ خیز اثرات کی سب سے بڑی گواہی ہے۔

انہوں نے اتحاد و وحدت کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج وقت کا تقاضہ ہے کہ مسلم ممالک باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور امت واحدہ کے عملی تصور کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں، کیونکہ یہی راستہ امت کو عزت، وقار اور عالمی قیادت عطا کرے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha