حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل، سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے ایران کی جانب سے پاکستان کو "وائٹ کارڈ" دینے کے اعلان کو خطے میں تعاون اور استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا: پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، دوستانہ اور اسٹریٹجک نوعیت کے حامل ہیں اور اس نئے اقدام سے دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد اور تعاون کے امکانات مزید مستحکم ہوں گے۔
سید زوار حسین نقوی نے مزید کہا: یہ پیش رفت خاص طور پر پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ خطے میں کئی پیچیدہ مسائل موجود ہیں، اسی تناظر میں ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی طرف سے یہ اعلان پاکستان کی داخلی و خارجی پوزیشن کے لیے انتہائی بامعنی اور وقت کی ضرورت کے مطابق ہے۔
چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل نے کہا: اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملے کے دوران پاکستان نے مثبت، متوازن اور ذمہ دار کردار ادا کیا۔ جس سے خطے میں مسلمان ممالک کے درمیان تعاون اور اتحاد کو تقویت ملی اور پاکستان کی سفارتی پوزیشن مضبوط ہوئی۔
انہوں نے کہا: ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کو نہ صرف توانائی کے شعبے میں مدد فراہم کریں گے بلکہ علاقائی سلامتی کے اہم مسائل، بشمول دہشتگردی اور سرحدی تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
سید زوار حسین نقوی نے مزید کہا: خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک ایران تعلقات کی مضبوطی، پاک افغان تعلقات میں مثبت کردار اور پاک بھارت تعلقات میں توازن پیدا کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے فلسطین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: ایران کا اصولی مؤقف، مسلم امہ میں اتحاد اور فلسطینی عوام کی خودمختاری کے احترام پر مبنی ہے اور اس سے خطے میں شفاف اور متوازن پالیسی کے فروغ کے لیے ایک مثال قائم ہوتی ہے۔ پاک ایران تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے اور ایران کا یہ اعلان اس سمت میں ایک مثبت اشارہ ہے۔









آپ کا تبصرہ