حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران کے صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ دری نجف آبادی نے غزہ میں اسرائیل کے جرائم کی شدید مذمت کی ہے اور شہر اراک کے عوام سے صہیونیت مخالف اجتماع میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے صہیونی جرائم کو نسل کشی کی کھلی مثال قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر اس کے خاتمے کے لیے اقدام کا مطالبہ کیا۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے کہا: مظلوم اور نہتے عوام، خصوصاً خواتین اور بچوں کا قتل عام اور غزہ میں یونیورسٹیز، اسکولوں، اسپتالوں، مساجد اور دیگر بنیادی ڈھانچوں کی تباہی، نسل کشی اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی بے مثال اور بے شرمانہ خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا: صہیونی حکومت کے غیر انسانی حملوں نے امت مسلمہ کو سوگوار کر دیا ہے اور ایک بار پھر امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کا وہ جملہ کہ "یہ حکومت ایک سرطانی غدہ ہے" حقیقت بن کر دنیا کے سامنے آیا ہے، جو اس جعلی حکومت کے خاتمے کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔
صوبہ مرکزی میں نمائندہ ولی فقیہ نے کہا: بلاشبہ یہ المناک سانحہ اور صہیونی حکومت کے واضح جرائم، بین الاقوامی مؤثر اداروں کی خاموشی اور خاص طور پر امریکا کی بے شرمانہ حمایت کا نتیجہ ہیں۔ اس ظلم و بربریت کے خاتمے کے لیے ایک مضبوط اور عالمی عزم کی ضرورت ہے، جو سب سے بڑھ کر انسانی حقوق کے دعویداروں کو مخاطب کرتا ہے۔
آیت اللہ دری نجف آبادی نے آخر میں کہا: جب بین الاقوامی ادارے اور انسانی حقوق کے جھوٹے دعویدار غزہ میں ہونے والی نسل کشی پر خاموش ہیں اور یہ منحوس حکومت اپنے جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے، تو ہر مسلمان اور آزاد انسان پر واجب ہے کہ جو کچھ اس کے اختیار میں ہو، اس کے ذریعہ ان مظالم کے خلاف آواز اٹھائے اور غزہ کے مظلوم عوام کی فریاد دنیا تک پہنچائے۔









آپ کا تبصرہ