جمعہ 25 جولائی 2025 - 15:29
اسلامی ممالک کی غزہ کے متعلق خاموشی؛ شرمناک اور ذلت آمیز ہے: آیت اللہ اراکی

حوزہ/آیت اللہ محسن اراکی نے غاصب صیہونی ریاست کے غیر انسانی جرائم کے خلاف بعض اسلامی ممالک کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم غزہ کے بعض ہمسایوں کی شرمناک اور ذلت آمیز خاموشی کے گواہ ہیں، جبکہ غزہ کے بے گناہ لوگ انتہائی بھیانک طریقے سے قتل ہو رہے ہیں، عرب ہمسایے نہ صرف کوئی ردعمل ظاہر نہیں کرتے، بلکہ ان جرائم کو نظر انداز بھی کر رہے ہیں؛ یہ خاموشی امت مسلمہ کے نظریات سے غداری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ محسن اراکی نے قم المقدسہ میں، مسلط کردہ 12 روزہ جنگ میں شہادت کے عظیم درجے پر فائز ہونے والے شہداء کے چہلم کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب میں ایرانی قوم کے عالمی استکباری طاقتوں کے خلاف تاریخی اور اہم کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال قرآن مجید میں فرماتا ہے: یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا مَنْ یَرْتَدَّ مِنْکُمْ عَنْ دِینِهِ فَسَوْفَ یَأْتِی اللَّهُ بِقَوْمٍ یُحِبُّهُمْ وَیُحِبُّونَهُ أَذِلَّةٍ عَلَی الْمُؤْمِنِینَ أَعِزَّةٍ عَلَی الْکَافِرِینَ یُجَاهِدُونَ فِی سَبِیلِ اللَّهِ وَلَا یَخَافُونَ لَوْمَةَ لَائِمٍ ۚ ذَٰلِکَ فَضْلُ اللَّهِ یُؤْتِیهِ مَنْ یَشَاءُ ۚ وَاللَّهُ وَاسِعٌ عَلِیمٌ. اے ایمان والو! تم میں سے جو کوئی اپنے دین سے پھر جائے گا (وہ خدا کا کوئی نقصان نہیں کرے گا) خدا آئندہ ایک ایسا گروہ لے آئے گا جسے وہ دوست رکھتا ہے اور وہ لوگ (بھی) اسے دوست رکھتے ہیں؛ جو مؤمنین کے سامنے متواضع اور کفار کے مقابلے میں طاقتور ہیں وہ راہِ خدا میں جہاد کریں گے اور سرزنش کرنے والوں کی سرزنش سے نہیں ڈرتے۔ یہ خدا کا فضل و کرم ہے، وہ جسے چاہتا ہے (اور اہل سمجھتا ہے) عطا کرتا ہے اور (خدا کا فضل) وسیع ہے اور خدا جاننے والا ہے۔ (سورۂ مبارکۂ مائدہ، آیت 54) اسلامی جمہوریہ ایران نے تاریخ میں پہلی بار عالمی سطح پر اسلام کا پرچم بلند کیا اور استکباری طاقتوں کو جنگ بندی پر مجبور کیا۔

ایران، عالمی استکبار کے خلاف جنگ میں پیش پیش

انہوں نے حالیہ مسلط کردہ 12 روزہ جنگ اور شہدائے اقتدار کی عظیم قربانیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت ایک ایسے دور میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں ایرانی قوم نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پوری طاقت کے ساتھ عالمی متحدہ استکباری قوتوں کے خلاف مزاحمت کر کے ان کو ایک سنگین ضرب کے ذریعے پیچھے ہٹنے اور تسلیم ہونے پر مجبور کیا۔

آیت اللہ اراکی نے مزید کہا کہ یہ عظیم کامیابی صرف ایک فوجی فتح نہیں ہے، بلکہ اسے انسانیت کی تاریخ میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ ایران نے اپنے فرزندوں کی ایمانی طاقت اور جدوجہد کے ساتھ دنیا کو اپنی قوم کی ارادے کے سامنے جھکنے پر مجبور کر دیا۔

غزہ کے ہمسایہ ممالک کی غزہ میں جاری قتلِ عام پر خاموشی، شرمناک اور ذلت آمیز

آیت اللہ محسن اراکی نے غاصب صیہونی ریاست کے غیر انسانی جرائم کے خلاف بعض اسلامی ممالک کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم غزہ کے بعض ہمسایوں کی شرمناک اور ذلت آمیز خاموشی کے گواہ ہیں، جبکہ غزہ کے بے گناہ لوگ انتہائی بھیانک طریقے سے قتل ہو رہے ہیں، عرب ہمسایے نہ صرف کوئی ردعمل ظاہر نہیں کرتے، بلکہ ان جرائم کو نظر انداز بھی کر رہے ہیں؛ یہ خاموشی امت مسلمہ کے نظریات سے غداری ہے۔

استادِ حوزہ علمیہ نے شیعہ اور اہل سنت کی کتب میں پیغمبرِ اِسلام صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے مقام و منزلت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہل سنت کی معتبر کتب میں بھی آیا ہے کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے مسلمانوں سے اس لیے بیعت لی تھی، تاکہ وہ حق کے لیے کھڑے ہوں اور اس کی راہ میں جنگ کریں۔ یہ بیعت اللہ کی ولایت کے لیے عہد تھا؛ یہ ایسی ولایت ہے جو پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے شروع ہوئی اور اس کا عروج امام علی علیہ السّلام کی ولایت میں جلوہ گر ہوا۔

آیت اللہ محسن اراکی نے نظام اسلامی میں ولایتِ فقیہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری نصرت اور ہماری اور اسلام کی بقاء کا راز، ولایتِ الہیٰ کو قبول کرنے میں مضمر ہے؛ اس ولایت کا مظہر، خدا کی ذاتِ اقدس، پیغمبرِ اعظم (ص) کی ذات اور موجودہ دور میں رہبرِ انقلابِ اسلامی کا وجود ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha