حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے یوم القدس کے موقع پر مسلمانوں کو اس دن کی ریلی میں وسیع پیمانے پر شرکت کی دعوت دیتے ہوئے تاکید کی: اسلامی ممالک کے رہنماؤں اور سربراہان کے لیے ضروری ہے کہ وہ پر عزم ہو جائیں اور صہیونی جرائم کے خلاف بے حس نہ رہیں۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعے کو، دنیا بھر کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں کا مظلوم فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے دفاع اور مسجد الاقصیٰ کی غاصبوں کے چنگل سے آزادی کی حمایت میں اتحاد کا دن قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ سال، دنیا بھر کے لوگوں نے غزہ پٹی اور فلسطین و لبنان کے دیگر شہروں اور دیہاتوں پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملے اور ہولناک و دردناک مناظر دیکھے، خواتین، بچے اور بزرگ اپنے گھروں میں صہیونی بموں کا نشانہ بنے، مریضوں کو اسپتالوں میں زندہ جلا دیا گیا، اور نوجوانوں کو براہ راست فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔ اس خونخوار حکومت نے امریکی پشت پناہی کے ساتھ، مظلوم عوام کے خلاف کسی بھی جرم سے دریغ نہیں کیا، جبکہ مغربی حکومتوں، بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے دعویدار اداروں نے ان جرائم کو روکنے کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔
ان شاء اللہ، تمام مسلمان یوم القدس کی ریلی میں بھرپور شرکت کے ذریعے، اس جعلی حکومت کے جرائم کی مذمت کریں گے اور فلسطین و لبنان کے مظلوموں اور مجاہدین کے لیے دلگرمی اور تقویت کا باعث بنیں گے۔
اسلامی ممالک کے رہنماؤں اور سربراہان پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنی تمام تر طاقت کو بروئے کار لائیں اور مظلوم فلسطینی عوام کی ہر ممکن طریقے سے حمایت کریں، اور ان جرائم کے خلاف بے حس نہ رہیں۔
میں خداوند متعال سے اسلام اور مسلمانوں کی عزت، اور اسلام کے دشمنوں، بالخصوص منحوس صہیونی حکومت کی نابودی کا طلبگار ہوں۔
وَسَیعلَمُ الَّذینَ ظَلَموا أَیَّ مُنقَلَبٍ یَنقَلِبونَ
قم - ناصر مکارم شیرازی
25 رمضان المبارک 1446 ہجری قمری
آپ کا تبصرہ