حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے ایک بیان میں حالیہ اسرائیلی جرائم اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خلاف بے ادبی پر شدید ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی اور غاصب صہیونی حکومت اپنے کمزور اور ذلت آمیز حالات سے نکلنے کی راہ تلاش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا: "یہ جعلی اور باطل حکومت، جس کے سربراہ سخت ناتوانی کا شکار ہیں، اسلامی مجاہدین اور سپاہِ اسلام کی کامیابیوں سے حیرت زدہ ہو کر موجودہ حالات سے فرار کے درپے ہے۔"
آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے کہا کہ اسرائیل، امریکہ جیسی مادی اور کھوکھلی طاقتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اور چند یورپی حکومتوں کے ساتھ ساتھ خطے کی بعض منحرف حکومتوں کی مدد سے اپنے بحران سے نکلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا: "یہ حکومت ایسی نادانی اور حماقت کی مرتکب ہوئی ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کو دھمکیاں دینے تک نوبت پہنچا دی، حالانکہ ان کی یہ جسارت درحقیقت ان کی شکست، خوف اور بوکھلاہٹ کا مظہر ہے۔"
مرجع عالیقدر نے اپنے بیان کے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ صہیونی حکومت کا زوال قریب ہے اور اس کی سیاسی و عسکری بنیادیں روز بہ روز کمزور ہو رہی ہیں۔









آپ کا تبصرہ