بدھ 29 جنوری 2025 - 11:05
فلسطینی اتھارٹی کا مطالبہ: عالمی برادری غزہ کے عوام کی جبری جلا وطنی کو روکے

حوزہ/ فلسطینی خودمختار انتظامیہ نے منگل کے روز تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ کھل کر غزہ کے عوام کی جبری جلا وطنی کی مخالفت کریں، فلسطینی اتھارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کو "نسل کشی" قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی خودمختار انتظامیہ نے منگل کے روز تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ کھل کر غزہ کے عوام کی جبری جلا وطنی کی مخالفت کریں، فلسطینی اتھارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کو "نسل کشی" قرار دیا۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا: "ہم دیگر ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قانونی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر ایک واضح اور عوامی مؤقف اختیار کریں اور فلسطینی عوام کے جبری انخلا کی مخالفت کریں۔"

اس وزارت نے دوبارہ اس مؤقف کی تصدیق کی کہ "آبادی کی جبری منتقلی اور دوبارہ آبادکاری" کی پالیسی کو مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے اور اسے "نسل کشی اور نفرت انگیزی" قرار دیا، جو نہ صرف خطے میں سیاسی اور سیکیورٹی کے انتشار کو بڑھانے کی کوشش ہے بلکہ عالمی اور علاقائی استحکام کو بھی کمزور کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔

وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ "اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر طویل عرصے سے جاری قبضے کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر بین الاقوامی اقدامات کریں"۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ غزہ کو "پاک" کر کے فلسطینیوں کو اردن اور مصر منتقل کر دیا جائے اور اس علاقے کو "تخریبی زون" قرار دیا جائے۔ تاہم، بین الاقوامی برادری نے فوری طور پر اس تجویز کی مذمت کی تھی۔

اردن اور مصر نے بھی فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی یا ان کے انخلا سے متعلق کسی بھی منصوبے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس مسئلے پر جلد ہی اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کریں گے، جو توقع ہے کہ جلد امریکہ کا دورہ کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha