حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت المسلمین شعبۂ اصفہان کی جانب سے ایران کے تاریخی شہر اصفہان کے حسینیہ حضرت فاطمه زہراء سلام اللہ علیہا میں ایک مرکزی مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، مجلس میں پاکستانی اور ہندوستانی علماء اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر یعقوب بشوی نے کہا کہ جناب فاطمه زہراء سلام اللہ علیہا ایک قرآنی شخصیت ہیں آپ اور آپ کے خاندان سے متعلق سورۂ نور میں 4 آیتیں ہیں ان کی تشریح کے لئے کئی عشرے درکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان آیتوں میں مکمل طور پر فاطمه اور بیت فاطمه سلام اللہ علیہا کے بارے میں اسرار آمیز طریقہ سے رمزی اور سری گفتگو ہوئی ہے، معقولات کو محسوسات کی صورت میں بیان کرتے ہوئے اللہ تعالٰی ہمیں ذات فاطمه سے متصل کر رہا ہے اور ان آیات میں جناب زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرت اور فضیلت کی مختلف جہتوں سے پردہ اٹھایا ہے، اسی طرح ذات فاطمه زہراء (س) کا عالم ملک و ملکوت میں فیض الہٰی کے جاری رہنے کے سبب کے طور پر بھی تعارف ہوا ہے۔