حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین اور غزہ کی حمایت میں قم المقدسہ قدس ہال میں مختلف ممالک کے علماء اور طلاب کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یعقوب بشوی نے کہا کہ فلسطینی عوام پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کی مثال تاریخ انسانیت میں نہیں ملتی۔ ہزاروں بچے، خواتین، بیمار شہید ہو چکے ہیں اور یہ سلسلہ 70سال سے جاری ہے مسلمانوں کا قبلہء اول پر ناجائز صہیونیوں کا غاصب قبضہ ہے اور پورے فلسطین کو زندان میں تبدیل کیا ہوا ہے لیکن مسلم حکمران بے غیرتی کے آخری درجہ سے بھی نیچے گرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کے اشارے پر اقتدار میں آنے والے مزدوروں سے کوئی خیر کی توقع نہیں ہے ان تمام خیانتوں کے باوجود، فلسطینی عوام کی جرأت، ہمت، حوصلہ اور بہادری قابل فخر ہے اور یہی استقامت آزادی اور فتح کی نوید ہے قرآن مجید سورۂ بنی اسرائیل کی آیات 3 سے 7 تک یہود اور فلسطین سے متعلق پیشگوئی پر مشتمل ہیں۔ ان آیتوں میں اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کی بشارت موجود ہے آج ہماری ذمہ داری دنیا کے ہر مظلوم کی حمایت اور ہر ظالم کی مخالفت ہے۔