حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نورخواہ اُوڑی کشمیر/ حوزہ علمیہ امام ہادی ؑ نورخواہ اُوڑی کشمیر میں سالانہ جشن مولود کعبہ کے موقع پر فارغ التحصیل طلاب کی عمامہ پوشی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں طلاب کرام کو آیت اللہ سید باقر الموسوی الصفوی کے دست مبارک سے عمامہ پوشی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس موقع پر مدرسہ کے اساتذہ، مدیر محترم حجت الاسلام والمسلمین سید دست علی نقوی، اور دیگر مومنین کرام بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران مدیر اعلیٰ حوزہ علمیہ امام ہادی ؑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام علی بن ابی طالب (ع) کی ولادت کے اس مقدس موقع پر ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ مومن کے نامہ اعمال کا عنوان محبت حضرت علی (ع) ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبت کا مطلب صرف زبانی دعویٰ نہیں، بلکہ عملی طور پر معصومین (ع) کے اقوال، اعمال اور رفتار کی پیروی کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے: "اے لوگو! اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی کرو۔" لہٰذا، حضرت علی (ع) کی محبت کا اظہار ان کے طریقے پر چلنے میں ہے، جو قیامت میں نجات کا سبب بنے گا۔
عمامہ پوشی کے موقع پر آیت اللہ سید باقر الموسوی الصفوی نے طلاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کی صنف کوئی معمولی ذمہ داری نہیں ہے۔ یہ وہ مقدس فریضہ ہے جو پیغمبر اسلام (ص) اور ان کے اہل بیت (ع) کی نیابت میں انجام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کو سب سے پہلے تزکیہ نفس کرنا چاہیے، پھر اپنے گھروں، ہمسائیوں اور معاشرے میں دین کی تبلیغ کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمامہ بندی کا یہ عمل وہی ہے جو پیغمبر اسلام (ص) نے حضرت علی (ع) کے سر مبارک پر کیا تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ علماء پر دین کی تبلیغ اور اسلام کے فروغ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ حوزہ علمیہ امام ہادی ؑ نورخواہ اُوڑی کشمیر وادی جموں و کشمیر کا واحد مدرسہ ہے جہاں ایک ساتھ متعدد طلاب کو عمامہ پوشی کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس تقریب نے طلاب کو دینی ذمہ داریوں کے احساس کے ساتھ ساتھ معاشرے میں دین کی خدمت کرنے کا جذبہ بھی بخشا۔
آپ کا تبصرہ