جمعرات 28 اگست 2025 - 23:47
پیغمبر اکرمؐ کی عظمت کو سمجھنے کا واحد ذریعہ قرآن کریم ہے، آیت اللہ العظمیٰ مظاہری

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500 ویں جشن میلاد کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ رسول خداؐ کی بے مثال شخصیت اور مقام کو پہچاننے کا واحد راستہ قرآن کریم ہے، کیونکہ یہی وحیانی کتاب ان کی سیرت اور اوصاف کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ حسین مظاہری نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے 1500 ویں جشن میلاد کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ رسول خداؐ کی بے مثال شخصیت اور مقام کو پہچاننے کا واحد راستہ قرآن کریم ہے، کیونکہ یہی وحیانی کتاب ان کی سیرت اور اوصاف کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔

آیت اللہ مظاہری نے یہ پیغام 1500ویں سالگرۂ ولادت پیغمبر اسلامؐ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کو ارسال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایام تمام امت مسلمہ کے لیے تجدیدِ عہد کا موقع ہیں کہ ہم اپنی زندگیوں کو رسول اکرمؐ اور اہل بیتؑ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔

آیت اللہ مظاہری نے قرآن کریم کی متعدد آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال نے پیغمبر اکرمؐ کے مقام کو بار بار "عظیم" کے لفظ سے یاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید رسول اللہؐ کے اخلاق کو "وَإِنَّکَ لَعَلی خُلُقٍ عَظِیمٍ" کہہ کر عظیم قرار دیتا ہے، ان کے علم کو "وَعَلَّمَکَ مَا لَمْ تَکُنْ تَعْلَمُ وَکَانَ فَضْلُ اللّٰہِ عَلَیْکَ عَظِیماً" کے ذریعے فضلِ عظیم سے تعبیر کرتا ہے، اور خود قرآن کو بھی "القرآن العظیم" کہا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں وہ "فوز عظیم" یعنی سب سے بڑی کامیابی پاتے ہیں، جبکہ رسول اکرمؐ کو اذیت پہنچانے والے یا ان کی ذات اقدس سے دشمنی کرنے والے سخت "عذاب عظیم" میں گرفتار ہوں گے۔

آیت اللہ مظاہری نے کہا کہ قرآن کریم پیغمبر اسلامؐ کے مقام عبودیت مطلقہ، علم لدنی، عصمت علمی و عملی اور مقام ولایت کبریٰ کو بیان کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنحضرتؐ کو تمام انبیاء اور مخلوقات پر فضیلت دی گئی ہے اور آپؐ کو "رحمت للعالمین" کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرمؐ کی شخصیت کے یہ پہلو اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ آنحضرتؐ خدا کے سب سے عظیم بندے اور اس کے اسم اعظم کا مظہر ہیں۔ اسی لیے قرآن ان کے ہر قول و فعل کو وحی الٰہی قرار دیتا ہے: "وَمَا یَنْطِقُ عَنِ الْہَوَی إِنْ ہُوَ إِلَّا وَحْیٌ یُوحٰی"۔

آیت اللہ مظاہری نے اس اجلاس کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ خداوند متعال امت اسلامیہ کو رسول اکرمؐ اور اہل بیتؑ کے راستے پر چلنے کی توفیق دے، اور ہمیں اس عظیم ہستی کی شفاعت سے بہرہ مند فرمائے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا: "ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام اور عظمت کو جاننے کا واحد ذریعہ قرآن کریم ہے، اور ہمیں اپنی فکری و عملی زندگی میں اسی کتاب کو مرکزیت دینی چاہیے تاکہ ہم حقیقی معنوں میں پیغمبر اکرمؐ کے پیروکار کہلانے کے مستحق ہوں۔"

✍️ حسین المظاہری

یکم ربیع الاول 1447ھ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha