اتوار 7 ستمبر 2025 - 12:19
سیرتِ نبوی پر عمل ہی امت کے مسائل کا حل ہے، شہداء کے خون کی حفاظت سب کی ذمہ داری ہے

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کی سپریم کونسل کے سربراہ آیت اللہ محمد مہدی شب زندہ دار نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی نجات اور معاشرتی مسائل کا حقیقی حل رسول اکرم (ص) اور اہل بیتؑ کی سیرت پر عمل کرنے میں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں ولادت رسول خدا (ص) اور امام جعفر صادقؑ کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ’’امت احمد‘‘ کے عنوان سے ہونے والے اجتماع میں آیت اللہ شب زندہ دار نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسول اسلام (ص) نے ہمیشہ حالات اور مواقع کو بہترین انداز میں دین کی ترویج کے لیے استعمال کیا، اور یہی طریقہ آج کے علما، والدین اور اساتذہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے امام جماعت کے تین اہم کردار بیان کیے: مؤمنین کے لیے دعا و سفارش، روحانی رہنمائی اور بندگانِ خدا کو اس کی بارگاہ تک پہنچانا۔ ان کے مطابق یہ بڑا شرف ہے کہ ایک عالم دین لوگوں کو معرفتِ الٰہی اور قربِ خدا کی راہ دکھائے۔

انہوں نے کہا کہ نبی اکرم (ص) نے سمجھایا کہ چھوٹے چھوٹے گناہ جمع ہو کر بڑے ہو جاتے ہیں، اسی طرح نیک اعمال کی اہمیت کو بھی معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ ایک اور مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ماں اپنے بچے کو سخت گرمی سے بچاتی ہے، اسی طرح خدا اپنے بندوں پر اس سے زیادہ مہربان ہے۔

آیت اللہ شب زندہ دار نے علما کی کامیابی کی اصل بنیاد ’’پرہیزگاری‘‘ اور ’’خیرخواہی‘‘ کو قرار دیا اور کہا کہ اگر یہ دو صفات موجود ہوں تو عالم دین کا اثر باقی رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا بھی سیرت نبوی کا خاصہ ہے اور اسی وجہ سے لوگ رسول خدا (ص) کی قیادت میں بڑی تعداد میں اسلام کی طرف آئے۔

انہوں نے زور دیا کہ آج کے دور میں مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنی انفرادی، سماجی اور سیاسی زندگی میں سیرت رسول اکرم (ص) اور اہل بیتؑ کو نمونہ بنائیں، تاکہ وہ باعزت اور پُرامن زندگی گزار سکیں اور دشمن کی چالوں کو ناکام بنا سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha