حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین رسول حقشناس نے قرآن کریم کے رہنمائی اور اصلاحِ معاشرہ میں بے مثال کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: قرآن کریم آسمانی کتاب اور جامع ترین الٰہی ماخذ کے طور پر اہل ایمان کے لیے رحمت، شفا اور سلامتی کا باعث اور ظالموں و کافروں کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: یہ الٰہی کتاب جو ہر طرح کی تحریف سے پاک ہے، مؤمنین پر کئی ذمہ داریاں عائد کرتی ہے جیسے قرآن کے دشمنوں سے بیزاری، اس کی آیات میں تدبر، قرآنی تعلیمات پر عمل، دوسروں کو قرآن سکھانا اور اس کتابِ آسمانی کا تحفظ۔
حجۃ الاسلام حقشناس نے کہا: یہ فرائض حالیہ برسوں میں انقلاب اسلامی اور دنیا کے کئی ممالک کی توجہ کا مرکز بنے ہیں جس کے نتیجے میں اوقاف، ثقافتی ادارے اور دیگر تنظیموں کی جانب سے قرآنی مقابلوں کا انعقاد ہوا ہے۔ یہ مقابلے اصلاحِ معاشرہ اور افراد کی باطنی بیماریوں کے علاج کا مؤثر ذریعہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ معاشرے کی نجات اور ترقی کا واحد راستہ قرآن سے تمسک ہے۔
انہوں نے کہا: یہ پروگرام خاص طور پر نوجوانوں میں روحانی شوق اور جوش کو بڑھاتے ہیں اور انہیں قرآن کی آیت «فَاستَبِقُوا الخَیرات» کے مطابق نیکیوں میں کوشش اور مقابلے کی طرف لے جاتے ہیں۔
حجۃ الاسلام حقشناس نے مزید کہا: قرآنی سرگرمیوں کے اثرات کو بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کے قرآن سے انس و الفت کو مزید تقویت دی جائے تاکہ قرآن معاشرے کی زندگی میں رچ بس جائے۔ قرآن سے دوری زندگی کو روحانی موت کی طرف لے جاتی ہے جبکہ قرآن کے ساتھ زندگی گزارنا اور اسے پیشوا بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔









آپ کا تبصرہ