۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حجۃ الاسلام حسین کریمی مقدم
قرآن کریم کتاب زندگی ہے

حوزہ / صوبہ کردستان کے مدرسہ علمیہ میں امور قرآن و حدیث کے مدیر نے کہا: قرآن مجید کتاب زندگی ہے جو بھی اس کتاب سے تمسک کرے گا وہ فلاح پائے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حجۃ الاسلام والمسلمین حسین کریمی مقدم نے جمعرات کی شام کو شہر سنندج میں محفل انس با قرآن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا: والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو چھوٹی عمر سے ہی قرآن کریم اور اس آسمانی والہی کتاب کی تعلیمات سے آشنا کریں۔

صوبہ کردستان میں مدرسہ علمیہ میں امور قرآن وحدیث کے مدیر نے کہا: قرآن کریم کی شناخت اور اسے اپنی زندگی میں داخل کرنا دنیا اور آخرت کی خوش بختی کا ضامن ہے۔

قرآنی علوم کے استاد نے کہا: قرآن مجید میں بہت سارے گہرے اور باریک مسائل ہیں۔ جس نے بھی ان مسائل کو درک کیا وہ ہدایت و فلاح پاجائے گا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین کریمی مقدم نے کہا:دوسری  آسمانی کتب کے برعکس قرآن مجید میں کچھ امور کے انجام دینے اور کچھ کو انجام نہ دینے کی تاکید کی گئی ہے اور اگر انسان قرآنی تعلیمات پر عمل کرے تو وہ منزل مقصود تک پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: قرآنی محافل کے انعقاد کے ساتھ ساتھ ہمیں تفسیر قرآن اور قرآن کریم کی دیگر کلاسوں کا بھی انعقاد کرنا چاہئے۔کیونکہ قرآن پڑھنے کی اہمیت تب زیادہ ہوگی جب ہم قرآن کریم کے معانی اور مفاہیم کو بھی سمجھیں۔

حجۃ  الاسلام کریمی مقدم نے کہا: قرآن کریم میں زندگی کے تمام شعبوں کے لیے رہنمائی موجود ہے اور قرآن کریم کتاب زندگی اور درس زندگی ہے۔ جو قرآن کریم سے تمسک کرے گا وہ فلاح پا جائے گا۔

انہوں نے کہا: قرآن کریم کی ہر آیت میں ایسے رموز پوشیدہ ہیں جن میں سے بیشتر کو چودہ صدیاں گزرنے کے باوجود بھی علماء اور دانشور حضرات درک نہیں کر سکے ہیں اور یہ اس آسمانی کتاب کے ہزاروں معجزوں میں سے ایک ہے۔

قرآنی علوم کے استاد نے آخر میں کہا: جو افراد اپنی زندگیاں قرآنی اصولوں کے مطابق گذارتے ہیں وہ اپنی شخصی زندگی میں بھی کامیاب ہوتے ہیں اور ان کے دوست احباب بھی ان کی سیرت و کردار سے استفادہ کرتے ہیں۔ پس یہ کتاب انسان ساز اور معاشرہ ساز  کتاب ہے۔ خداوند عالم نے قرآن کریم کی شکل میں بہت قیمتی تحفہ ہمارے اختیار میں دے رکھا ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .