جمعہ 31 جنوری 2025 - 07:00
فرقہ واریت اور فتنہ تکفیر امت کو کمزور کرنے کا سبب ہے، اسی سے دہشتگردی جنم لیتی ہے اور ملکی سالمیت کو بھی اس سے خطرہ ہے

حوزہ/ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے وزیراعلی خیبر پختونخواہ جناب علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں کے پی کے ہاؤس میں فرقہ واریت اور دہشتگردی کے موضوع پر ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قیادت کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی اور اہم خطاب کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے وزیر اعلی جناب علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں کے پی کے ہاؤس میں ضلع کرم کے امن و امان کے حوالے سے منعقدہ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا: قال اللہُ الحکیم:اِنَّ ھٰذِہٖ اُمَّتُکُم اُمَّۃً وَاحِدَۃ، ہم وزیراعلی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ فرقہ واریت اور دہشتگردی کے موضوع پر ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قیادت کے ساتھ مشاورتی اجلاس رکھا۔

انہوں نے کہا: ہمیں چاہئیے کہ زمینی حقائق کو بنظر غائر دیکھیں کہ وہ عناصر جو اس ملک میں فتنہ و فساد اور ناامنی پھیلانا چاہتے ہیں، فرقہ واریت کو مخصوص مقاصد کے تحت ہوا دیتے ہیں، مسلمانوں کی تکفیر کرتے ہیں وہ کسی صورت بھی امت مسلمہ، اسلام اور پاکستان کے مخلص نہیں ہو سکتے۔

فرقہ واریت اور فتنہ تکفیر امت کو کمزور کرنے کا سبب ہے، اسی سے دہشتگردی جنم لیتی ہے اور ملکی سالمیت کو بھی اس سے خطرہ ہے

علامہ عارف حسین واحدی نے کہا: ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہی فرقہ واریت اور فتنہ تکفیر ہے جو امت کو کمزور کرنے کا سبب ہے اور اسی سے دہشتگردی جنم لیتی ہے اورملک کی سالمیت کو اس سے خطرہ ہے۔ مختلف نام نہاد دہشت گرد گروہ اسی گھٹیا اور ناپاک سوچ سے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ فرقہ واریت ملکی عدم استحکام اور انتشار و افتراق کا بہت بڑا سبب ہے اس کو ختم کرنے کے لئے قرآن مجید کے امت واحدہ کے تصور کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے مزید کہا: الحمد للہ ملی یکجہتی کونسل تیس سال سے اس منفی سوچ کے مقابلے میں اتحاد امت،محبت و اخوت اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے لئے بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ ہر مسلک کے بزرگ اور جید علمائے کرام نے اس کی بنیاد رکھ کر اور فرقہ واریت کے عروج کے دور میں اس خوبصورت گلدستے کو سجا کر پاکستان کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ اب بھی اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ اس مقدس مشن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پاکستان کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ امت کو تقسیم کرنے اور نفرتیں ایجاد کرنے جیسی دشمنوں کی سازش کے مقابلے میں ملی یکجہتی کونسل اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ اللہ تعالی کی ذات کا احسان ہے کہ یہ شجر اب مبارک اور تناور درخت بن چکا ہے۔ حق ہے کہ پاکستان کے عوام اس نعمت کو پہچانیں اور معاشرے میں اتحاد امت برقرار رکھنے اور فرقہ واریت کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے اپنے اپنے معاشرے میں قرآن کریم کے محبت و اخوت کے پیغام کو عام کریں یقیناً یہ عمل امت مسلمہ اور وطن عزیز کی بہت بڑی خدمت اور اللہ تعالی کی خوشنودی کا سبب اور صدقہ جاریہ ہے۔

فرقہ واریت اور فتنہ تکفیر امت کو کمزور کرنے کا سبب ہے، اسی سے دہشتگردی جنم لیتی ہے اور ملکی سالمیت کو بھی اس سے خطرہ ہے

علامہ عارف حسین واحدی نے وزیر اعلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کے پیچھے یہ ناپاک سوچ اور وطن دشمنی موجود ہے۔ اس فتنے کو سرکوب کرنے اور دہشتگردوں کو کچلنے کے لئے آگے بڑھیں۔ ضلع کرم کے تین ماہ سے راستے بند ہیں مگر صوبائی حکومت کی بہت بڑی کمزوری ہے کہ وہ اب تک راستے کھلوانے میں ناکام ہے حالانکہ جرگے میں دونوں طرف کے مشران نے دستخط کر دئیے تو اب حق یہ ہے کہ جو اس معاہدے کی خلاف ورزی کرے اس کے ساتھ آپ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ ہم سب امن قائم کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے میں آپ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ پورے ملک میں کہیں بھی فرقہ واریت اور دہشتگردی ہو ہم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

علامہ عارف واحدی نے آخر میں کہا: دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کریں۔ دہشتگرد دہشتگرد ہے ان میں کوئی Good Terrorist or Bad Terrorist نہیں ہے۔

فرقہ واریت اور فتنہ تکفیر امت کو کمزور کرنے کا سبب ہے، اسی سے دہشتگردی جنم لیتی ہے اور ملکی سالمیت کو بھی اس سے خطرہ ہے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha