۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سینئر رہنما علامہ ڈومکی نے ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے، کیونکہ عزاداری ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سینئر رہنما علامہ مقصود ڈومکی نے ملتان میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے، عزاداری ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت المسلمین محرم الحرام سے قبل مرکزی صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دے گی۔

تفصیلات کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی کنوینیر عزاداری سیل علامہ مقصود علی ڈومکی ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے مجلس وحدت المسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور دیگر ذمہ داران سے عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ایام عزا کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی ہے اور اس موقع پر مسجد الحسین علیہ السلام ملتان میں عزاداری سے متعلق مسائل اور گذشتہ دو سالوں میں عزاداروں کے خلاف درج مقدمات پر مشاورت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، ایم ڈبلیو ایم عزاداری سیل کے رکن سید دلاور زیدی، معروف قانون دان سید حسنین عباس بخاری ایڈووکیٹ، علامہ غلام مصطفی انصاری اور علامہ سید ظفر عباس شمسی شریک تھے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری عظیم عبادت اور ہمارا بنیادی حق ہے، حکومت نے سینکڑوں ایف آئی آرز درج کرکے ہماری عبادت اور بنیادی انسانی حق پر حملہ کیا ہے۔ عزاداری کسی پرمٹ کی محتاج نہیں۔ عزاداری کے خلاف ناروا قوانین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ پنجاب حکومت اور پولیس عزاداروں سے متعلق اپنے رویئے کو درست کرے، مزید کہا کہ مجلس وحدت المسلمین محرم الحرام سے قبل مرکزی صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دے گی اور ماہ ذوالحجہ میں ملت جعفریہ کے علماء، ذاکرین اور بانیان مجالس پر مشتمل عزاداری کانفرنس منعقد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے عزاداروں کے خلاف سینکڑوں ایف آئی آرز کے اندراج کا سلسلہ اب رک جانا چاہئے۔ ملت جعفریہ کے علما، ذاکرین اور بانیان مجالس کی مشاورت سے اس متعصبانہ روئیے کا سدباب کریں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .